بچوں کو موبائل فون سے دور رکھنے کے آزمودہ نسخے جانیں

موبائل فون، آئی پیڈ یا ٹیلی ویژن کا استعمال ہماری زندگی میں عام ہوگیا ہے، دوستوں سے بات کرنی ہو یا فیملی سے، شاپنگ کرنی ہو یا ویڈیو گیم کھیلنی ہو، تازہ ترین خبریں پڑھنی ہوں یا انٹرٹینمنٹ کے حوالے سے کوئی تبصرہ پڑھنا ہو، ہم سب لوگ موبائل فون یا ٹیبلٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ موبائل فون کا استعمال اتنا عام ہو چکا ہے کہ آج کل کے بچے سکول میں بھی موبائل فون یا آئی پیڈ کا استعمال کرتے ہیں، اس صورت حال میں ہم یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ ہمارے بچوں کے لیے ‘اسکرین ٹائم’ کتنا اہم ہے؟
نئے دور میں بچوں کو جدید ٹیکنالوجی بارے معلومات دینا ایک ضرورت بن گیا ہے لیکن ہمیں اس بات کی بھی یقین دہانی کرنے کی ضرورت ہے کہ ہمارے بچے موبائل فون اسکرین یا ٹیبلٹ پرمکمل طور پر انحصار نہ کر رہے ہوں کیونکہ اگرچہ انٹرنیٹ اور ایپلی کیشن میں ایسی گیمز اور وسائل بھی موجود ہیں، جس کی مدد سے ہم تعلیمی معلومات حاصل کرسکتے ہیں لیکن اس بات کے بہت کم امکانات ہیں کہ اس طرح کی معلومات چھوٹے بچے کی علمی نشوونما میں مدد کر سکتی ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق درحقیقت بہت زیادہ موبائل فون اسکرین استعمال کرنے سے بچوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، جن میں کمزور تعلیمی کارکردگی، موٹاپا، بچوں میں منفی رویے جیسے اثرات مرتب ہوتے ہیں، اسی لیے بچوں کو کم از کم 60 منٹ آؤٹ ڈور گیمز یا گھر سے باہر میدان میں کھیلنا چاہیے، جس سے بچوں میں توازن میں بہتری، سماجی مہارت، زبان اور دیگر خوبیاں جنم لیتی ہیں۔
والدین کی عام شکایت یہ ہے کہ ‘ہمارے بچے پورا دن ٹی وی، آئی پیڈ یا موبائل فون کے استعمال میں مصروف رہتے ہیں اور وہ ان کی یہ عادت ختم نہیں کر پا رہے۔ لہذا آج ہم آپ کو اپنے بچوں کو موبائل فون سے دور کرنے کے گر بتائیں گے۔ بظاہر ایسا لگتا نہیں ہے لیکن بچے اپنے اطراف میں ہونے والی سرگرمیوں پر غور کرتے ہیں، اکثر والدین اپنے بچوں سے کہتے ہیں ‘وہ کام مت کرو جو میں کرتا ہوں بلکہ وہ کام کرو جو میں کہہ رہا ہوں۔ لیکن یہ کافی نہیں ہے، تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ والدین جتنا زیادہ موبائل فون استعمال کرتے ہیں، وہ اسی طرح بچوں کی نشوونما پر توجہ نہیں دے سکتے، بچے کو دنیا سے زیادہ باخبر رہنے کے لیے، آپ کو معاشرے میں انہیں مختلف مواقع دینا ہوں گے، آؤٹ ڈور گیمز پلان کریں، بچوں کو نئی صلاحیتیں اورہنر سکھائیں، مثال کے طور پر بائیکنگ، تیراکی، کیمپنگ، آرٹ اینڈ کرافٹ جیسی سرگرمیاں بہت فائدہ مند رہیں گی۔
الیکٹرونک گیمز اور ٹی وی کے تعلیمی پروگرام بچے کے ذہن کو نکھارنے میں مدد کریں گی لیکن یاد رہے اس کی وجہ سے دماغ اکتا جائے گا، ایسے میں اس کا حل یہ ہے کہ آپ بچوں کو قدرتی مناظر دکھائیں، روزانہ یا ہفتے میں ایک بار اپنے ہمسایے میں ضرور لے کر جائیں یا کسی پارک چلے جائیں، اگر ہائکنگ کرسکتے ہیں تو بہترین ہے، اس سے بچے کا دماغ پُرسکون رہے گا۔ اب ضروری نہیں کہ تمام سرگرمیاں گھر سے باہر ہوں، گھر کے اندر بھی آپ بہت کچھ کرسکتے ہیں، جیسا کہ بچوں کے اسکول کی چھٹیوں کے دوران آپ انہیں کتابوں کی فہرست دیں اور انہیں پڑھنے کی ترغیب دیں۔
اسکے علاوہ پڑھنے کے بھی چند اصول ہوتے ہیں، اپنے بچوں کو دنیا جہاں کی کتابیں اٹھا کر نہ دیں بلکہ تقریری مہارتوں پر مبنی، منطقی سوچ کے حوالے سے کتابیں مؤثر ثابت رہیں گی اور جب موقع ملے تو بچوں کو مزاحیہ کتابیں بھی پڑھ کر سنائیں۔ بچے اگر کھیلیں گے تو ان کی دماغی نشوونما میں اضافہ ہوگا، کوشش کریں بچوں کو پارک میں لے جائیں یا وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کھیل سکیں تاکہ بچوں کے درمیان اچھے تعلقات بن سکیں، یہ سرگرمی بھی بچوں کی مہارت میں اضافہ کرے گی۔ کوشش کریں ہفتہ میں ایک بار ضرور کسی جگہ گھومنے جائیں، کہیں جانے کے لیے جگہ کا انتخاب کرنا مشکل ہورہا ہو تو آپ نقشے کا استعمال کرسکتے ہیں، ریسرچ کریں اور فیملی سے مشورہ ضرور لیں اور خاص طور پر کہیں گھومنے کا پلان بنائیں تو اپنے بچوں کی رائے لینا ہر گز مت بھولیں، اس طرح بچے موبائل فون سے دور رہیں گے اور فیملی کے ساتھ وقت گزار سکیں گے۔
اسکے علاوہ گھر کے کاموں میں مدد کرنا بھی بچوں کی نشوونما میں بہتری لا سکتا ہے۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں، ایک کاغذ پر گھر کے کاموں کی فہرست بنائیں اور اپنے بچے کے ہاتھ میں تھمائیں اور انہیں فہرست میں موجود تمام کام کرنے کا کہیں، مثال کے طور پر بستر ٹھیک کرنا، کمرے کی چیزیں اپنی جگہ پر رکھنا وغیرہ شامل ہیں، اس طرح آپ اپنا بھی وقت بچا سکیں گے اور بچے کے اندر ذمہ داری کا احساس پیدا ہوگا۔ اسکے علاوہ رات میں موبائل فون بچوں کے کمروں سے باہر رکھیں، رات کی نیند بچوں کی دماغی اور جسمانی صحت کے لیے بہت ضروری ہے، تحقیق کے مطابق رات کو سونے کے دوران موبائل فون قریب ہونے سے آپ کی نیند متاثر ہوتی ہے۔
موبائل فون کا استعمال محدود کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ الیکٹرونک آلات پر پابندی عائد کردی جائے لیکن جان لیں کہ موبائل فون کا زیادہ استعمال آپ کے بچے کے دماغ کو غیر فعال کرسکتا ہے، اس لیے حکمت عملی کے ساتھ شیڈول ضروری ہے، صبح کے اوقات میں موبائل فون استعمال نہ کریں کیونکہ اس وقت آپ کا ذہن تازہ ہوتا ہے۔ موبائل فون کے استعمال کا بہترین وقت دوپہر ہے، اس وقت سورج سب سے زیادہ گرم ہوتا ہے اور بچے پہلے ہی تھک چکے ہوتے ہیں، بچوں کے موبائل استعمال کرنے کا دورانیہ صرف 30 منٹ یا ایک گھنٹے کا ہدف رکھیں، سونے سے کم از کم دو گھنٹے پہلے تمام الیکٹرونکس آلات چھپانا یاد رکھیں۔
