’’بیورو کریٹس پر لٹکتی تلوار کی وجہ سے نیب قانون میں تبدیلی کی‘‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیوروکریٹس پر تلوار لٹک رہی تھی جس کی وجہ سے نیب کے قانون میں ترمیم کی ، سرکاری دفاتر میں فائلیں آگے نہیں چل رہی تھیں اور حکام دستخط کرتے ہوئے ڈر رہے تھے ، نیب قانون میں ترمیم کا مقصد بیوروکریٹس کو کھل کر کام کرنے کا موقع دینا ہے۔
فیصل آباد میں دو ترقیاتی منصوبوں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور پناہ گاہ کے افتتاح کے موقع پر سامنے بیٹھے چیف سیکریٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چیف سیکریٹری صاحب اب تو آپ کے افسران کے پاس کام نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں ہوگا ، امید ہے بیورو کریسی اب اچھا کام کرے گی۔
وزیراعظم نے تقریب میں موجود آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب کی ایک ماہ میں زبردست کارکردگی رہی، پرانے خوفناک جرائم پیشہ افراد اور قاتلوں کو جیلوں میں ڈالنے پر آپ کو مبارک باد دیتا ہوں، پنجاب کے ہر شہر میں مافیا بیٹھا ہوتا ہے، پچھلے 30 سال میں رسہ گیروں، ڈاکوؤں اور خوفناک غنڈوں سے سیاست دان دوستیاں کرلیتے تھے اور ان کے ذریعے ووٹ حاصل کرتے تھے ، آئی جی صاحب مجھے آپ سے توقع ہے کہ دو تین ماہ میں پنجاب کے کسی ضلع میں کوئی ڈاکو، مافیا اور قاتل نظر نہ آئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں اور ملک کی ترقی کیلئے پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن (صنعت کاری) ضروری ہے، ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہوگی تو روز گار نہیں ہوگا اور ملک کیسے ترقی کریگا؟ ہمیں صنعتوں اور برآمدات کو فروغ دینا ہے ، ہم سیاحت کو فروغ دے کر بہت پیسہ کما سکتے ہیں ، زرعی شعبے میں بھی پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے، وہ وقت بھی آئے گا جب پاکستان میں تیل کی نہریں بہیں گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم سارے فنکشنز پاکستان میں کرتے ہیں اور تقریر انگریزی میں کرتے ہیں، ہمیں سوچ کو تبدیل کرنا ہے اور طبقاتی تفریق کو ختم کرنا ہے ، اسمبلی میں انگریزی میں تقریر کرنا غلامانہ ذہنیت ہے ، مجھے پتہ ہے قومی اسمبلی میں کس کو کتنی انگلش آتی ہے جنہیں سمجھ نہیں آتی وہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ سمجھ آ رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button