تحریک لبیک کی احتجاجی ریلی:سیکورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد سیل

فیض آباد انٹرچینج بند ہونے کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی میں میٹرو بس سروس معطل ہے اور نیا ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے لاہورسے آنیوالی ٹریفک کو ٹی کراس روات سے راولپنڈی کی جانب موڑا جا رہا ہے پشاور سے آنے والی بھاری ٹریفک کو 26 نمبر چونگی سے موٹروے کی جانب موڑا جائے گا۔
نئے ٹریفک پلان کے مطابق کلثوم پلازہ جناح ایونیو سے بجانب ایکسپریس چوک دونوں اطراف ٹریفک کےلیے بند ہے شہری ناظم الدین اور مارگلہ روڈ استعمال کریں اسلام آباد میں پولی کلینک چوک فضل اور حق روڈ دونوں اطراف ٹریفک کےلیے بند ہے فیض آباد انٹر چینج چاروں اطراف ٹریفک کےلیے بند ہیں۔ راول ڈیم چوک سے بجانب فیض آباد اور زیرو پوائنٹ سے بجانب فیض آباد دونوں اطراف ٹریفک کےلیے بند ہیں شہری کشمیر ہائی وے نویں ایونیو اور آئی جے پی روڈ استعمال کریں گزشتہ روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں موبائل سگنلز بھی بند تھے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے عوام کسی بھی پریشانی سے بچنے کےلیے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں فیض آباد چاروں اطراف سے ٹریفک کےلیے بند ہے اسلام آباد ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی کو جلد بحال کرنے کےلیے کوشاں ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی عوام کو متبادل راستے اپنانے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ فرانس میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کی اشاعت کے خلاف مذہبی جماعت نے راولپنڈی سے ایک احتجاجی ریلی نکالی تھی ریلی کے شرکاء کل سے اسلام جانے کی کوشش کررہے ہیں ریلی کے شرکاء اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں وفاقی دارالحکومت کے زیرو پوائنٹ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے جزوی طور پر بند ہیں اور انتظامیہ نے شہریوں سے غیرضروری سفر نہ کرنے کی درخواست کی ہے خیال رہے کہ مذہبی جماعت نے فرانس کے سفارت خانے کو بند کرکے سفیر کی بے دخلی کا مطالبہ کر رکھا ہے اور ریلی کے شرکا کا کہنا ہے کہ جب تک ان کا یہ مطالبہ پورا نہیں کیا جاتا تب تک وہ دارالحکومت اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button