جاوید میانداد کا عمران خان کو وزیراعظم بنوانے کا دعویٰ

سابق کرکٹر جاوید میانداد نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو وزارت اعظمیٰ کے عہدے پر پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ان کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان وزیر اعظم بنے تھے، حال ہی میں جاوید میانداد نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے میزبان وسیم بادامی سے گفتگو میں کہا کہ آج آپ کے سامنے بول رہا ہوں کہ عمران خان کو وزیر اعظم میں نے بنایا تھا۔
میزبان نے سوال کیا وہ کیسے؟ اس پر جاوید میانداد نے مسکراتے ہوئے کہا ‘کچھ اللہ والے لوگ بھی تو ہیں نا، ان کو وزیراعظم بننے کے بعد فون پر شکریہ ادا کرنا چاہئے تھا، وسیم بادامی نے سوال کیا کہ کیا آپ ان کی حلف برداری کی تقریب میں گئے تھے؟
جواب میں سابق کرکٹر نے کہا میں بالکل گیا تھا اور وہیں بیٹھا تھا لیکن انہوں نے میرا شکریہ ادا نہیں کیا تو مجھے دکھ ہوا تھا، میں نے کہا تمہارا فرض بنتا تھا ورنہ میرے گھر رات 2 بجے کیا لینے آئے تھے۔
جاوید میانداد نے کہا کہ اگر میں عمران خان کے ساتھ ہوتا تو آج ان کے ساتھ یہ نہ ہوا ہوتا، میں ہونے نہیں دیتا، وہ میری بات سنتے تھے، میں اگر وزیر اعظم بنوا سکتا تھا تو ہٹوانے سے روک بھی سکتا تھا۔
جاوید میانداد نے ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ اب میرے خیال میں عمران خان کا دوبارہ وزیراعظم بننا کافی مشکل ہوگیا ہے، سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے کافی بحث جاری ہے کہ جاوید میانداد نے عمران خان کو وزارت اعظمیٰ تک کیسے پہنچایا۔
معروف میزبان وجاہت سعید نے اپنے وی لاگ میں اس پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ جاوید میانداد کا انٹرویو کیا تو گھر واپس چھوڑنے گیا لیکن ان کی تنہائی کے سبب ان کی ملاقات بنی گالہ میں عمران خان سے کرائی تو عمران خان نے بے تکلف انداز سے جاوید میانداد کو پیار بھری گالیاں نکالیں اور پھر بولے کہ تم لوگ ملنے آ جائو، پھر ہماری عمران خان کے ساتھ رات گئے تک ملاقات رہی، لیکن عمران خان ہمیشہ جاوید میانداد پر غالب نظر آئے۔
