حدیقہ کیانی نے سیلاب متاثرین سے وعدہ کیسے نبھایا؟

معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 200 گھر تعمیر کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں، اداکارہ نے گزشتہ سال متاثرین کے لیے نئے گھروں کی تعمیر کا سلسلہ شروع کیا تھا، جس کے لیے مختلف اداروں سے فنڈز بھی جمع کیے تھے۔حدیقہ کیانی نے ستمبر 2022 میں بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد وہاں کے متاثرہ عوام کے لیے ’’وسیلہ راہ‘‘ نامی مہم کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت انہوں نے عوام اور مختلف اداروں سے فنڈز جمع کیے تھے، ’’وسیلہ راہ مہم‘‘ کے تحت بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ افراد کو ضروری اشیا کی فراہمی کی تھی، جس کے بعد انہوں نے متاثرین کی گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 200 گھر بنانے کے اپنے ابتدائی ہدف کو عبور كرلیا ہے، بلوچستان کے پسماندہ علاقے نصیر آباد میں اپنے ادارے كے تحت 370 مکانات اور دیگر صحت كی سہولیات تعمیر کی ہیں، اپنے آفیشل انسٹاگرام پر اعلان كیا كہ ’اللہ كے فضل اور آپ سب كی مدد سے ہم نے اپنا مقصد حاصل كر لیا۔حدیقہ کیانی نے مزید لكھا كہ ’ہمارا ابتدائی ہدف 200 گھر تعمیر كرنے کا تھا، لیکن آپ سب كی دعاؤں، عزم، محنت کے ذریعے اب ہم نے بلوچستان كے علاقے نصیر آباد كے گاؤں تمبو اور کنڈی میں 370 گھر، 2 مساجد، 2 زچگی مراکز، ایك سکول، اور ایك گروسری سٹور تعمیر كرلیا، اس منصوبے میں گزشتہ سال کے دوران جمع کیے گئے تمام فنڈز استعمال کیے گئے ہیں۔حدیقہ كیانی ان چند پاکستانی مشہور شخصیات میں سے ایک تھیں جنہوں نے 2022 میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔حدیقہ كیانی نے انسٹاگرام اسٹوری پر عوام كے تعاون كا شكریہ ادا كرتے ہوئے لكھا كہ ’میں ان لوگوں كی بہت شكر گزار ہوں جنہوں نے اس مقصد كو حاصل كرنے كے لیے میرا ساتھ دیا، ادویات، طبی سامان، پانی، خوراك، كپڑے اور راشن كے ساتھ بچوں کیلئے كچھ تحائف سیلاب متاثرین كو عطیہ كیے گئے ہیں جبکہ انہیں صاف پانی کے پلانٹس، سولر پینل کیلئے درخواستیں بھی موصول ہوئی ہیں۔حدیقہ كیانی نے انسٹاگرام پر پنے بلوچستان كے دورے كی ویڈیو شئیر كی، ویڈیو كی كیپشن میں انہوں نے لكھا كہ ’ایسا استقبال میں کبھی نہیں بھولوں گی جہاں مجھے ان لوگوں كی بے پناہ محبت اور احترام ملا، میں ان خوبصورت یادوں كو كبھی نہیں بھولوں گی، حدیقہ کیانی نے بتایا تھا کہ انہوں نے بلوچستان کے ’ربی، چھتر اور اب ٹمبو‘ نامی گائوں کو دوبارہ تعمیر کروانے کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔

Back to top button