حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں عید کے محدود اجتماعات

حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔حرم شریف اور مسجد نبویؐ میں سماجی فاصلوں کے ساتھ نماز عید ادا کی گئی جب کہ حرم شریف میں عید کی نماز میں حرم میں کام کرنے والے کارکنان، آئمہ، شیوخ اور سیکیورٹی اہلکار شریک ہوئے۔
حرم شریف میں شیخ صالح الحمید کی گلوگیر آواز میں امامت ہوئی اور انہوں نے مختصرآیات تلاوت کیں، امام حرم نے کورونا سے نجات اور عید کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس سال گورنر مکہ، خادم حرمین اور ولی عہد نے اپنی اپنی رہائش گاہ پر نماز ادا کی۔مسجد نبویؐ میں شیخ عبداللہ نے عید کا خطبہ دیا اور سماجی فاصلے کے ساتھ نماز عید ادا کی گئی جب کہ مخصوص افراد نے عید کی نماز میں شرکت کی۔
واضح رہےکہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عید کے دنوں میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ عید الفطر کی 5 روزہ تعطیلات کے دوران ریاست بھر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں 2 ہزار 642 نئے کیسز آنے کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 67 ہزار 719 ہوگئی ہے۔وزارت صحت کے مطابق وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 963 ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کرگئی۔علاوہ ازیں حکام نے بتایا کہ وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 364 ہوگئی۔
