حکومت نے بجلی کے نرخ میں 4.25روپے فی یونٹ کی کمی کردی

وزیراعظم شہباز شریف نے اکتوبر کے بلوں میں عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے بجلی کے نرخ میں 4.25روپے فی یونٹ کی کمی کردی۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے بجلی کے نرخ میں سوا 4 روپے کی کمی کردی ہے، یہ کمی اکتوبر کے مہینے کے لیے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا ستمبر کے بجلی کے بلوں میں لگنے والی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ہی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،عوام پر بوجھ کو دیکھتے ہوئے صارفین کے بجلی کے ریٹ نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس حوالے سے سیکریٹری توانائی ڈویژن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیپرا نے 14 اکتوبر 2022ء کو سال 2021-22ء کی چوتھی سہ ماہی (کوارٹرلی ایڈجسٹمنٹ) کا فیصلہ دیا ہے، حکومت نے بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر ستمبر کے بجلی کے بلوں میں لگنے والی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو ہی جاری رکھتے ہوئے صارفین کے بجلی کے نرخ نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاور ڈویژن کے بیان کے مطابق ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر کے مہینے میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کے بجلی کے ریٹ میں 4.15 روپے کی کمی کی گئی ہے۔

Back to top button