خوبصورت پھول ذیابیطس کنٹرول کرنے کی نئی دوا!

میکسیکو اور وسطی امریکا میں عام پایا جانے والا ایک پھول ڈیلیا اپنی خوبصورتی کے لیے بہت مشہور ہے لیکن اب اسی پھول میں ذیابیطس کے خلاف اہم جزو دریافت ہوا ہے۔
اردو میں اس کا ایک نام ’گلِ کوکب‘ ہے جس میں ایک مرکب دریافت ہوا ہے جو ٹائپ ٹو ذیابیطس کی صورت میں خون میں شکر کی مقدار کو قابو میں رکھ سکتا ہے۔ لیکن یہ مرکب حیرت انگیز انداز میں کام کرتا ہے۔
اس پھول کا کیمیکل دماغ میں اس مقام پرعمل کرتا ہے جو خون میں گلوکوز کی مقدار قابو میں رکھتا ہے۔ ٹائپ ٹو ذیابیطس کی صورت میں دماغ کے اسی حصے پر اندرونی سوزش بڑھ جاتی ہے۔ اس طرح پھول کے جزو سے قدرتی علاج کی راہ ہموار ہوگی۔
گلِ کوکب سے اخذکردہ اس کیمیکل کو بیوٹائن کا نام دیا گیا ہے۔ اسے ماہرین نے چوہوں پر آزمایا تو اس نے شکر کی مقدار کم کی اور انسولین کے افرازکو بھی بہتر بنایا۔ واضح رہے کہ یہ مرکب پھول کی پتیوں سے اخذ کیا جاتا ہے۔ چوہوں پرثابت افادیت کے بعد اب امید پیدا ہوئی ہے کہ اس سے انسان بھی فائدہ اٹھاسکیں گے۔
