دنیا میں سب سے بڑے پائوں کی حامل خاتون کا نام گینیزبک میں شامل

دنیا میں سب سے بڑے پائوں کی حامل امریکی خاتون کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا۔
عالمی میڈیارپورٹس میں گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز کے حوالے سے بتایاگیا کہ امریکہ کی ریاست ٹیکساس کی رہائشی ہربرٹ نامی خاتون کا قد 6 فٹ 9 انچ ہے، ان کےدائیں پاؤں کا ناپ 33.1 سینٹی میٹر (تقریباً 13 انچ) ہے جب کہ بائیں پاؤں کا ناپ 32.5 سینٹی میٹر (12.79 انچ) ہے۔
امریکی خاتون ہربرٹ نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کو دیے گئے انٹر ویو میں بتایا ہے کہ میری والدہ کا قد 6 فٹ اور 5 انچ جب کہ والد کا 6 فٹ 4 انچ ہے، اسی لیے ان کو یہ اونچا لمبا قد وراثت میں ملا ہے۔
خاتون نے بتایا کہ بچپن میں سوچتی تھی کہ اتنا لمبا قد برا ہے لیکن والدین نے خود اعتمادی پیدا کی، جب بھی مارکیٹ شاپنگ کے لیے جاتی تو کبھی بھی زنانہ ناپ میں جوتا نہیں ملا، مجھے مردوں کے جوتے پہننے پڑتے تھے، وہ انٹر نیٹ پر شاپنگ کرتے وقت سب سے بڑا سائز تلاش کرتی ہیں اور ان لوگوں کو تلاش کرنے کی کوشش کرتی ہیں جو ان کے ناپ کا جوتا تیار کرسکیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ہربرٹ سوشل میڈیا کے ذریعے ان خواتین سے جڑنے کی کوشش کرتی ہیں جو لمبا قد ہونے کی وجہ سے جوتوں کے ناپ کے مسئلے سے دوچار ہیں۔
