دی لیجنڈ آف مولا جٹ 200 کروڑ کمائی کرنے کے قریب


چالیس برس پہلے بننے والی مشہور پنجابی فلم مولاجٹ کا 2023 ورژن ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 200 کروڑ کا بزنس کرنے کے قریب پہنچ گئی ہے۔ یہ فلم ابتدائی 10 روز میں 100 کروڑ روپے کمانے والی پہلی پاکستانی فلم بھی بنی تھی جبکہ اس نے گزشتہ ماہ ہی بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کی فلم ’تھینک گاڈ‘ اور اکشے کمار کی فلم ’رام سیتو‘ کو ایک دن کی کمائی میں عالمی سینما میں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

اب ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے کمائی کا ایک نیا اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے برطانیہ کے باکس آفس میں اب تک 13 لاکھ پاوٌنڈ کی کمائی کر کے بھارتی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ برطانوی باکس آفس پر بھی ریکارڈ کمائی کرنے والی برصغیر کی پہلی فلم بن گئی ہے۔

ماہرہ خان، فواد خان، حمزہ علی عباسی اور حمیمہ ملک پر مبنی اس فلم نے اب تک برطانوی سینماؤں سے 35 کروڑ روپے تک کی کمائی کرلی ہے جو کہ ایک منفرد ریکارڈ بھی ہے، آج تک کوئی بھی پاکستانی یا بھارتی فلم صرف برطانوی سینماؤں سے اتنی کمائی نہیں کرسکی۔ یہ اعزاز حاصل کرنے سے قبل ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے گزشتہ ہفتے دنیا بھر سے 78 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ کمائی کرکے سب سے زیادہ پیسے کمانے والی پنجابی فلم کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

آج تک پاکستان یا بھارت کی کوئی بھی پنجابی زبان کی فلم اتنی ریکارڈ کمائی نہیں کر سکی، البتہ متعدد دیگر بھارتی فلموں کی کمائی اس سے زیادہ ہے، دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے ایک ماہ کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر سے 170 کروڑ روپے کی ریکارڈ کمائی کی، ’مولا جٹ‘ اب پاکستان کی ریکارڈ اور سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پہلی فلم بن گئی، اس سے قبل متعدد پاکستانی فلموں کی مجموعی کمائی 50 سے 70 کروڑ روپے کے درمیان ہی رہی ہے۔ امید ہے کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ اگلے ہفتے تک دو سو کروڑ روپے کمانے والی پہلی پاکستانی فلم بن جائے گی۔ اس فلم کی ہدایات بلال لاشاری نے دی ہیں جب کہ اسے عمارہ حکمت نے پروڈیوس کیا ہے۔

Back to top button