گلوکارعدنان سمیع پاکستان بارے کیا بم پھوڑنے والے ہیں؟

پاکستان چھوڑ کر بھارت میں مستقل سکونت اختیار کرنے والے گلوکار عدنان سمیع نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد اپنے پاکستان چھوڑنے کے فیصلے کی اصل وجوہات سے پردہ اٹھائیں گے۔ تین ٹویٹس کی سیریز میں انہوں نے لکھا ہے کہ بہت سے لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں اکثر پاکستان بارے نامناسب تبصرہ کیوں کرتا ہوں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں نے پاکستان کے عوام کے حوالے سے کبھی نامناسب بات نہیں کی، جو میرے ساتھ بہت اچھے رہے ہیں، میں ہر اس شخص سے پیار کرتا ہوں جو مجھ سے محبت کرتا ہے۔
اگلی ٹویٹ میں انہوں نے کچھ ایسے ’ایشوز‘ کا ذکر کیا ہے جو بقول انکے فوجی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ چل رہے تھے، عدنان سمیع خان نے مزید لکھا کہ بہت جلد میں اس حقیقت سے پردہ اٹھاؤں گا کہ ان لوگوں نے میرے ساتھ کیا سلوک کیا، جس نے مجھے اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔ عدنان نے کہاکہ میں اس بارے برسوں سے خاموش ہوں اور دنیا کو بتانے کے لیے درست وقت کا انتظار کر رہا ہوں۔
یاد رہے کہ ماضی کی معروف اداکارہ زیبا بختیار کے سابق شوہر عدنان سمیع خان کئی برس قبل انڈیا منتقل ہو گئے تھے۔ 2016 میں انہیں انڈیا کی شہریت بھی دے دی گئی تھی جبکہ 2021 میں انہیں انڈیا کے سب سے بڑے ایوارڈ پدما شری سے بھی نوازا گیا۔
عدنان سمیع اس سے قبل بھی مختلف بیانات کی وجہ سے تنازعات کا شکار ہوتے رہے ہیں، دوسری جانب اپنے تین ٹوئیٹس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے عدنان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ترکی بہ ترکی جواب دیئے، عبدالقدیم نے انہیں طعنہ دیا کہ جو اپنے ملک کا نہ ہو سکا وہ انڈیا کا کیسے ہو گا۔ صائمہ نے عدنان سمیع خان کی انگریزی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’پہلے اپنی انگریزی ٹھیک کر لو، پھر اپنی سٹوری سنا لینا۔ اچھا ہوا، تو پاکستان سے چلا گیا۔ تم پاکستان کے لیے ایسا کیا کر رہے تھے جو تمہارے جانے پر ہم روتے رہیں، اسی دوران ایک انڈین صارف رتنیش تیواری صائمہ کو جواب دیتے ہوئے کرکٹ کا ذکر لے آئے۔انہوں نے لکھا کہ روتے تو تم بس ورلڈ کپ کے لیے ہو، وہی نہیں ملتا، بیچارے پاکستانی۔
ایک پاکستانی ٹوئٹر صارف نصیر خان نے عدنان سمیع خان کو انکی ٹویٹس کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایک وہ وقت بھی تھا جب آپ حدیقہ کیانی کے ساتھ پاکستان ٹیلی ویژن پر گایا کرتے تھے، تب یہی قوم تھی اور یہی لوگ سنتے تھے آپ کو۔ تب آپ کے نام اور کام کو اسی قوم نے عزت دی۔ ایک اور صارف کلثوم زیب نے عدنان سمیع خان کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ جہاں بھی رہو، ہمیں تم سے پیار ہے۔شعیب پیرزادہ نے عدنان کے کم ہوتے وزن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے طنزیہ جملہ کسا کی کہیں بھارت والوں نے آپ سے زبردستی جم تو نہیں کروایا؟
