سری لنکا کا کیویز کو فتح کیلئے 172 رنز کا ہدف

کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں سری لنکا نے کیویز کو فتح کے لیے 172 رنز کا ہدف دے دیا ہے، سری لنکن ٹیم پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے فلاپ ہوگئی، کوئی بلے باز سکور میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کر سکا۔
بینگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، سری لنکن بیٹرز نے تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم کیوی باولرز نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ساتھ ساتھ وکٹیں لینے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا۔
نیوزی لینڈ نے ابتدائی 9 اوورز کے دوران 70 رنز دے کر 5 سری لنکن بیٹرز کو واپس پویلین بھیج دیا۔ یہاں پر کوشل پریرا 52 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔سری لنکا کی آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوس اور دھننجایا ڈی سِلوا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 16.4 اوورز میں سری لنکا کی چھٹی وکٹ 104 رنز پر گر گئی جب انجیلو میتھیوس 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کی ساتویں وکٹ 18.3 اوورز میں 105 رنز پر گری جب دھننجایا ڈی سِلوا 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 23.3 اوورز میں 113 رنز پر گری جب کرونا رتنے 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، سری لنکا کو 9واں نقصان 128 رنز پر اٹھانا پڑا جب دشمانتھا پریرا 32ویں اوور میں ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔کین ولیمسن نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، لوکی فرگوسن کو اِش سوڈھی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔اس موقع پر سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے، یہ ایک اہم میچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔دونوں ٹیمیں اس ورلڈکپ میں 8، 8 میچز کھیل چکی ہیں اور یہ دونوں ٹیموں کا پہلے مرحلے کا آخری میچ ہے۔نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ میں اپنے 4 اور سری لنکا نے 2 میچز جیتے ہیں، میچ میں کیوی ٹیم کو فتح سیمی فائنل کے قریب کردے گی، جبکہ لنکن شیر جیت کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی میں اپنی جگہ پکی کرلیں گے۔
