سعودی عرب نے پاکستان کوبڑی سورس مارکیٹ قرار دیدیا

پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا پیسفک ریجن میں سعودی عرب کی سب سے بڑی سورس مارکیٹ ہے۔گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں سعودی ٹور ازم اتھارٹی کے زیر اہتمام سعودی عرب میں سیاحت کے شعبہ کے فروغ کیلیے نسوک روڈ شو کے موقع پر میڈیا راؤنڈ ٹیبل میں سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ پاکستان ایشیا پیسفک ریجن میں سعودی عرب کی سب سے بڑی سورس مارکیٹ ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارم نسوک پاکستانی زائرین اور عازمین کو سفری سہولتیں مہیا کر کے مقامات مقدسہ کے سفر کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی،اے پی اے سی مارکیٹس کے صدرالحسن الدبغ اور فہد حامد الدین سمیت وزارت سیاحت کی دیگر اہم شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
ڈاکٹر توفیق نے مزید کہا کہ پاکستان سے سعودی عرب کا سفر کرنے والوں کی تعداد دس لاکھ کے قریب ہے جن میں سے 73فیصد عمرے کی ادائیگی کے لیے سفر کرتے ہیں سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت اگلے سات سال میں یہ تعداد بڑھ کر 35 لاکھ تک پہنچ جائیگی، نئی ویزا پالیسی کے تحت دنیا کے دیگر اسلامی ملکوں کی طرح پاکستانی زائرین بھی ویزا کٹیگری کی تخصیص کے بغیر عمرے کی ادائیگی کرسکتے ہیں۔
