سونیا حسین کا عروہ حسین کو 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس

معروف اداکارہ سونیا حسین نے اپنی آنے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ کی پروڈیوسر عروہ حسین پر فلم کا معاوضہ نہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا۔ ہرجانے کے نوٹس میں سونیا نے کہا کہ عروہ اور ان کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ شوٹنگ ختم ہوتے ہی معاوضہ ادا کردیا جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا۔ نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ سونیا حسین نے فروری سے جون 2020 کے درمیان فلم کی شوٹنگ مکمل کروالی تھی مگر انہیں معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا۔
عروہ حسین کو بھجوائے گئے نوٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سونیا نے اپنا معاوضہ حاصل کرنے کے لیے بار بار پروڈیوسر کو یاد دہانی بھی کروائی اور پیسے مانگتی رہیں مگر انہیں کوئی مناسب جواب تک نہیں دیا گیا۔نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ عروہ نے طویل تاخیر کے بعد رواں برس کے وسط میں صرف 5 لاکھ روپے کا ایک چیک بھجوایا تھا جو کہ معاوضے کا کچھ حصہ تھا، اس لیے سونیا نے وہ چیک واپس پروڈیوسر کو بھجوادیا تھا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عروہ حسین کے رویے کی وجہ سے سونیا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، وہ جذباتی طور پر کمزور پڑ گئیں اور اپنے ہی پیسے مانگنے کے لیے شرمندہ ہوتی رہیں، اس لیے اب پروڈیوسر عروہ اداکارہ سونیا حسین کو ہرجانے کے لیے 50 کروڑ روپے ادا کرے۔نوٹس کے مطابق عروہ آئندہ 14 روز میں سونیا حسین کے قانونی نوٹس کا جواب دیں، ورنہ انکے خلاف ہرجانے کا مقدمہ عدالت میں دائر کیا جائے گا۔ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سونیا حسین نے اپنی ٹیم کو یہ ہدایات کردی ہیں کہ اگر عروہ حسین 14 دن کے اندر کوئی جواب نہیں دیتیں تو ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 1860 کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ بھی داخل کروائی جائے، جو کہ دھوکہ دہی کی دفعات ہیں۔
سونیا حسین کے نوٹس کے حوالے سے عروہ حسین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر اداکارہ سے رابطہ نہ ہوسکا۔ سونیا حسین نے فلم کی پروڈیوسر پر ایک ایسے وقت میں مقدمہ دائر کیا ہے جب کہ حال ہی میں فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
’ٹچ بٹن‘ میں سونیا حسین کے علاوہ ایمان علی، فرحان سعید اور فیروز خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ عروہ حسین کی بطور پروڈیوسر پہلی فلم ہے جب کہ فرحان سعید بھی فلم کے شریک پروڈیوسر ہیں۔یہ فلم مسلسل دو سال سے مختلف وجوہات کے باعث تاخیر کا شکار تھی لیکن اب اس کی ریلیز سے پہلے ہی ایک نیا تنازع سامنے آیا ہے، جس سے فلم کی ریلیز موخر کیے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
