سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری،پی ٹی آئی امیر ترین جماعت

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ملکی سیاسی جماعتوں کے آمدن اور اخراجات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں حکمران جماعت پی ٹی آئی 22 کروڑ 53 لاکھ مالیت کے اثاثوں کے ساتھ امیر ترین جماعت نکلی۔
الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مالی سال 2018-19 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں جس میں بتایا گیا ہے کہ 125 سے زیادہ رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے 82 نے تفصیلات جمع کرائیں۔
تحریک انصاف کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال میں پارٹی کے اثاثوں کی مالیت میں نو کروڑ روپے کی کمی آئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اثاثوں کی مالیت سے زیادہ اخراجات ہوئے ہیں۔ رواں سال حکمران جماعت نے ایک کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات بتائے ہیں۔ پی ٹی آئی نے رواں سال پارٹی فنڈ کی مد میں 47 کروڑ 14 لاکھ روپے جمع کیے۔ جس میں سے امریکہ سے چھ کروڑ پچاس لاکھ، برطانیہ سے چار کروڑ پانچ لاکھ، آسٹریلیا سے 22 لاکھ 15 ہزار، جب کہ کینیڈا سے نو لاکھ 47 ہزار روپے فنڈز جمع کیے گئے۔ پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کروایا گیا ہے کہ پارٹی نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز حاصل نہیں کیے۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیزینز کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق ان کے پاس 16 کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے جب کہ پارٹی کے اثاثوں کی مالیت 70 لاکھ 16 ہزار روپے ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیزینز کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کے فنڈز موصول ہوئے جب کہ دو کروڑ سے زائد کے اخراجات کیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ ن نے بھی آمدن سے زائد اخراجات کیے۔ مسلم لیگ ن نے ایک کروڑ 55 لاکھ روپے فنڈز اکٹھے کیے جب کہ 20 کروڑ روپے کے اخراجات کیے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے اثاثوں کی کل مالیت آٹھ کروڑ 17 لاکھ روپے ہے۔
ایم کیو ایم کے پاس چار کروڑ 19 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔ ایم کیو ایم نے چندے کی مد میں چار کروڑ 79 لاکھ روپے اکٹھے کیے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے پاس 90 لاکھ 18 ہزار روپے جب کہ مسلم لیگ ق کے پاس چار کروڑ 99 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل ہیں۔
شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ کے پارٹی اکاؤنٹ میں صرف ڈھائی لاکھ روپے موجود ہیں جب کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس دو لاکھ 31 ہزار روپے کا بینک بیلنس موجود ہے۔
