سیلاب سے سموگ کا خطرہ کیوں سر اٹھانے لگا ہے؟

پنجاب کے جنوبی اضلاع، سندھ، بلوچستان اور کے پی کے میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے جہاں موسم سرما میں شدید سردی کی پیش گوئی کی گئی ہے، وہیں اس۔برس سخت ترین سموگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ سیلاب کے کھڑے پانی سے بخارات فضا میں شامل ہو کر آلودگی اور نمی میں اضافہ کر سکتے ہیں، اور بارشیں بند ہونے کی صورت میں سموگ کے کئی گنا زیادہ ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پنجاب کے جنوبی اضلاع میں ابھی بارشوں اور سیلاب کا پانی خشک ہونے نہیں پایا تھا کہ سموگ کا خطرہ بھی سر پر منڈلانے لگا ہے، ماہرین ماحولیات کے مطابق اس مرتبہ سموگ کا ماضی کی نسبت زیادہ ہونے کا امکان موجود ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے کئی بڑے صنعتی شہروں میں ماحولیاتی آلودگی پہلے ہی موجود ہے، دوسری جانب سیلاب کے کھڑے پانی سے نکلنے والے بخارات کے باعث ہوا میں نمی کا تناسب معمول سے زیادہ ہو جائے گا، جس سے شدید دھند پڑنا خارج از امکان نہیں۔
لیکن پنجاب میں ابھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، اور محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر کے وسط تک باران رحمت کے جاری رہنے کی صورت میں سموگ کے امکانات کم ہو جائیں گے، محکمہ ماحولیات کے ترجمان نے بتایا کہ سموگ سے بچنے کے لیے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کیا جا رہا ہے، فیکٹریوں اور بھٹوں پر نظر رکھی جا رہی ہے اور کسانوں کو فصلوں میں آگ لگانے سے بھی منع کر دیا گیا ہے۔

Back to top button