شاہ رخ نے زندگی میں مہنگی ترین چیز کون سی خریدی؟

شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے زندگی میں جو مہنگی ترین چیز خریدی وہ ممبئی میں واقع ہے ان کا گھر ہے جس کے لیے انہوں نے 200 کروڑ روپے قیمت ادا کی۔ یاد رہے کہ دنیا کے چوتھے امیر ترین اداکار کا اعزاز حاصل کرنے والے بالی ووڈ لنگ کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 770 ملین ڈالرز ہو گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ورلڈ آف سٹیٹسٹکس کی جانب سے جاری کردہ دنیا کے 8 امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں شاہ رخ خان چوتھے نمبر پر ہیں اس فہرست کے مطابق شاہ رُخ خان کی اثاثوں کی مجموعی مالیت 770 ملین ڈالرز ہے۔
تاہم سوال یہ ہے کہ شاہ رُخ خان نے اب تک اپنی زندگی میں کونسی سب سے مہنگی چیز خریدی ہے، سپر سٹار نے اس راز سے بھی پردہ اُٹھایا ہے۔ بھارتی میڈیا کو دیئے ایک انٹرویو میں شاہ رُخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اب تک جو سب سے مہنگی چیز خریدی ہے وہ ان کا گھر ’منت‘ ہے۔ اداکار نے بتایا کہ ان کا تعلق دہلی سے ہے جہاں بڑی بڑی کوٹھیوں یا بنگلوں میں رہنے کا رواج ہے، تاہم وہ اپنی اہلیہ گوری خان کے ساتھ ممبئی میں ایک فلیٹ میں رہ رہے تھے کیونکہ ممبئی میں فلیٹس میں رہنے کا رواج عام ہے۔ شاہ رُخ خان کی ساس نے کئی بار کہا کہ وہ ایک بہت چھوٹے فلیٹ میں رہتے ہیں اور اب بچے بڑے ہو رہے ہیں، چنانچہ 2001 میں جب شاہ رُخ نے ممبئی کی سب سے بڑی کوٹھی کو دیکھا تو انہیں دہلی کی کسی کوٹھی جیسا گمان ہوا لہٰذا انہوں نے فورا اس گھر کو خرید لیا جو انہیں کافی مہنگا پڑا۔ لیکن شاہ رخ کا کہنا تھا کہ گھر اتنا بڑا ہے کہ اس کی قیمت بھی اسی حساب سے لگنا تھی۔ یاد رہے کہ۔شاہ رخ خان ہر سال اپنی سالگرہ اور عید کے موقع پر اپنے گھر ’منت‘ کی بالکونی سے اپنے مداحوں سے ملاقات کرتے ہیں جس کے باہر لاکھوں کی تعداد میں مداحوں کا ہجوم جمع ہوتا ہے۔ اس خوبصورت کوٹھی کی قیمت تقریباَ 200 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
