انمول بلوچ فلموں میں فحش آئٹم سانگ کرنے سے انکاری

ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی اداکارہ انمول بلوچ نے کہا ہے کہ اگر انہیں مستقبل میں فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ کسی بھی صورت فحش آئٹم سانگ نہیں فلمائیں گی۔ انمول بلوچ کا شمار ٹی وی کی اُبھرتی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، حال ہی میں ختم ہونے والے ڈرامے ’سیانی‘ میں ان کی اداکاری کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا تھا، انمول چند سال سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، تاہم ابھی تک انہیں کسی فلم میں نہیں دیکھا گیا۔ لیکن اب انہوں نے بتایا ہے کہ وہ جلد ہی بڑی اسکرین پر بھی دکھائی دیں گی۔ ایک انٹرویو میں انمول بلوچ نے اعتراف کیا کہ اب پاکستانی ڈراموں کا سکرپٹ پہلے کی طرح جاندار نہیں رہا، اور خواتین کے لیے ایک ہی جیسے گھسے پٹے کردار لکھے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ڈراموں میں یا تو خواتین کو روتا ہوا دکھایا جاتا ہے یا پھر انہیں انتہائی منفی کرداروں میں پیش کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھے مواد کی تخلیق نہ ہونا اداکاروں کی نہیں بلکہ کہانی کاروں کی ذمہ داری ہے، اگر کہانی کار اچھا مواد لکھیں گے تو اداکار بھی اچھی اداکاری کریں گے، انہوں نے دلیل دی کہ اس وقت اداکار سکرپٹ پر سمجھوتہ کرکے وہی کردار ادا کرنے پر مجبور ہیں جو ان کے پاس آتے ہیں یا پھر جو لکھے جا رہے ہیں۔ انمول نے سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات اور خاص طور پر اداکاراؤں پر کی جانے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اداکاراؤں کو زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ایک سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب سوشل میڈیا پر تنقید سے بات آگے بڑھ چکی ہے اور شخصیات کی کردار کشی بھی جاتی ہے۔ انمول کے مطابق صارفین تنقید کرتے ہوئے شوبز شخصیات کی نہ صرف کردار کشی کرتے ہیں بلکہ انہیں مذہبی درس دینے لگتے ہیں، یہ لوگ انہیں ڈرانے لگ جاتے ہیں کہ کل کو وہ خدا کا سامنا کیسے کریں گے؟

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہر انسان نے اپنے اچھے برے اعمال کے لئے اپنے خدا کو جواب دینا ہے، ہر انسان اپنے معاملات کا حساب خعد دے گا، اسلیے سوشل میڈیا پر دوسروں کی کردار کشی نہیں کی جانی چاہئیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں اگرچہ کچھ فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے بڑے پردے پر کام سے انکار کردیا تھا کیونکہ انہیں ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جیسے فلموں میں بولڈ اداکاری کرنا پڑتی ہے۔ لیکن انکا کہنا تھا کہ اب وہ جلد ہی فلموں میں دکھائی دیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ان سمیت ہر اداکارہ کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ فلموں میں ہیروئن کے روپ میں دکھائی دے اور ساڑھی پہن کر برف پوش پہاڑوں پر رومانوی گیت فلمبند کروائے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت فلموں میں آئٹم سانگ پر فحش پرفارمنس نہیں دیں گی، انہوں نے دلیل دی کہ آئٹم سانگ کو پاکستانی معاشرے میں پسند نہیں کیا جاتا، اس لیے اداکاروں کو بھی وہی کام کرنا چاہئے جو عوام میں قابل قبول ہو۔

شاہ رخ نے زندگی میں مہنگی ترین چیز کون سی خریدی؟

Back to top button