شاہ رخ کے بیٹے آریان خان ذہنی مسائل کا شکار ہوگئے


بھارتی سپر سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد 26 دن قید بھگت کر ضمانت تو حاصل کر چکے ہیں لیکن اب وہ ذہنی مسائل کا شکار ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منشیات رکھنے کے کیس میں ضمانت پر رہا ہونے کے بعد تاحال آریان ذہنی اضطراب اور خوف میں ہیں۔ شاہ رخ خان اور ان کے اہل خانہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اپنے بیٹے کے ذہنی مسائل کا شکار ہونے کے بعد اداکار نے اپنی تمام سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں اور ایک تھراپسٹ سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے تاکہ آریان کی ذہنی صحت بحال ہو جا سکے۔ شاہ رخ خان بھی اپنی تمام فلموں اور اشتہارات کی شوٹنگنز منسوخ کرکے بیٹے کو زیادہ سے زیادہ وقت دے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ آریان خان کے ذہنی اضطراب میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ابتدائی طور پر والدین نے ان کے لیے خصوصی باڈی گارڈ تعینات کرنے کا بھی سوچا تھا مگر اب وہ انہیں اضافی سیکیورٹی دینے کے بجائے خود ان کی نگرانی کریں گے۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بھی یہ خبر دی ہے کہ جیل سے رہائی کے بعد آریان ذہنی مسائل کا شکار ہو چکے ہیں اور ان پر ایک سکتہ اور خوف طاری ہے، جس وجہ سے انہوں نے خود کو محدود کر رکھا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ آریان خان دوستوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے والے شخص تھے، تاہم اب انہوں نے خود کو کمرے تک محدود کردیا۔ آریان خان نے دوستوں سے ملنا بالکل چھوڑ دیا جب کہ خاندان کے دیگر افراد سے بھی زیادہ میل جول نہیں رکھتے۔ کچھ دن قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ آریان خان کی طبیعت ناساز ہے، تاہم اس بارے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی تھی۔ آریان خان کو جیل سے رہائی کے بعد رواں ماہ 5 نومبر کو آخری بار عوامی مقام پر اس وقت دیکھا گیا تھا جب کہ انہوں نے نارکوٹکس فورس کے دفتر حاضری بھری تھی۔ آریان خان کو عدالت سے ملنے والی ضمانت کے معاہدے کے تحت دوبارہ نارکوٹکس فورس کے دفتر حاضری دینی ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ شاید اپنی بگڑتی ہوئی ذہنی حالت کے باعث پیش نہ ہوسکیں۔ آریان خان کو ممبئی ہائی کورٹ نے منشیات کے کیس میں 28 اکتوبر کو 14 شرائط پر ضمانت دی تھی،ان کی ضمانت کے لیے رکھی گئی 14 میں سے ایک شرط یہ بھی تھی کہ وہ ہر جمعے کے دن نارکوٹکس فورس کے دفتر میں حاضری دیں گے۔
آریان خان 30 اکتوبر کو جیل سے رہا ہوئے تھے، انہیں تین اکتوبر کو نارکوٹکس فورس نے ممئی کے ساحل سے گووا جانے والے کروز سے ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ کروز میں ساتھیوں کے ہمراہ منشیات پارٹی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے اور ان سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔ آریان خان انسداد منشیات فورس کی حراست سمیت عدالتی ریمانڈ پر جیل میں مجموعی طور پر 26 دن تک رہے تھے اور ممبئی ہائی کوٹ نے ان کی درخواست ضمانت 28 اکتوبر کو منظور کی تھی۔

Back to top button