کترینہ کیف کی کوشل سے شادی بارے کنفیوژن بڑھ گئی


معروف بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کی اپنے ساتھی اداکار سے شادی کی متضاد خبروں نے ایک کنفیوژن پھیلا رکھی ہے لیکن اداکارہ اس حوالے سے کوئی واضح بات کرنے پر تیار نہیں لہٰذا بھارتی میڈیا کا اصرار ہے کہ کترینہ اور وکی کوشل دسمبر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے ہیں۔ اس سے پہلے بھارت کے فلمی حلقوں میں یہ تاثر عام تھا کہ کترینہ کیف دراصل سلمان خان کی برس ہا برس سے گرل فرینڈ ہیں اور انکی جب بھی شادی ہوگی بالی ووڈ کے خان سے ہی ہوگی۔
تاہم دوسری جانب بھارتی میڈیا مسلسل یہ دعوی کر رہا ہے کہ کترینہ کیف ایک ماہ کے اندر ہی پیا گھر سدھار جائیں گی۔ انڈین میڈیا گزشتہ دو ماہ سے دعویٰ کر رہا ہے کہ کترینہ کیف ساتھی اداکار وکی کوشل کے ساتھ شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں، تاہم شادی کے انتظامات انتہائی رازداری سے کیے جا رہے ہیں۔ اب ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ کترینہ کیف آئندہ ماہ دسمبر کے آغاز تک پیا گھر سدھار جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق کترینہ کیف اور وکی کوشل نے شادی کے معاملات کو تاحال خفیہ رکھا ہے اور اب تک کسی بھی شخص یا رشتے دار کو شادی کی دعوت نہیں دی گئی۔
شادی خفیہ رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں نے متعدد فلمز سائن کر رکھی ہیں، اس لیے دونوں سادگی کے ساتھ شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاکہ ان کی فلموں پر کوئی فرق نہ پڑے، اسی وجہ سے انہوں نے تاحال دعوت نامے عام نہیں کیے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بالی ووڈ جوڑی نے ہنی مون کا فوری پروگرام ملتوی کرکے شادی کے فوری بعد شوٹنگ پر جانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ بتایا جا رہو ہے کہ دونوں کی شادی کی تقریبات سادگی کے ساتھ ادا کی جائیں گی اور ممکنہ طور پر شادی کی مرکزی رسومات کترینہ کیف کی جانب سے حال ہی میں کرائے پر لیے گئے پرتعیش فلیٹ میں ادا کی جائیں گی۔
ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ شادی کے فورا بعد کترینہ کیف اپنے بیس سال پرانے بوائے فرینڈ سلمان خان کے ساتھ اپنی آنے والی فلم ’ٹائیگر تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہوجائیں گی۔ کچھ عرصہ پہلے جب ٹائمز آف انڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ کترینہ کیف دسمبر 2021 کے آغاز تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی، تو اداکارہ نے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔ مگر حال ہی میں بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی ’روکا‘ کی رسم ادا ہو گئی ہے۔ روکا‘ کی رسم ہندو مذہب کے پیروکار شادی سے قبل ادا کرتے ہیں، اس رسم کو بعض افراد رسمی منگنی کا نام بھی دیتے ہیں۔ تاہم زیادہ تر افراد ’روکا‘ کی رسم کو شادی کے لیے دولہا اور دلہن سمیت ان کے اہل خانہ کی باہمی رضامندی کے لیے ہونے والی ملاقات کو کہتے ہیں۔ بھارتی میڈیا نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی ’روکا’ کی رسم فلم ساز کبیر خان کے گھر پر ہوئی، جہاں دونوں کے اہل خانہ اور قریبی افراد نے شرکت کی، تاہم اس حوالے سے بھی جوڑے نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

Back to top button