شراب لائسنس کیس میں مزید 6 افراد کی نیب میں طلبی

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ایک نان فائیو ستار ہوٹل کو غیر قانونی شراب لائسنس کے اجراء کے معاملے پر گرفت میں آتے نظر آتے ہیں. قومی احتساب بیورو نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف غیر قانونی شراب لائسنس اجراء کیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید 6افراد کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
ذرائع کے مطابق نیب حکام کی طرف سے شراب لائسنس کیس میں تحقیقات کیلئے نیب کے ایک سینئر بیورو کریٹ، پرسنل سیکریٹری وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھرکو طلب کیا گیا ہے.ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چئیرمین نیب کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف درج شکایت کی جلد از جلد مکمل کرنے کی واضح ہدایات کے بعد مذکورہ بالا افراد کی طلبی کا فیصلہ کیا گیا اور ان افراد کو تحقیقات میں شامل ہونے کیلئے باقاعدہ نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں تاہم وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے 10محرم کے بعد پیشی کی درخواست کی تھی جنہیں نیب نے رواں ہفتے طلب کیا تھا۔
واضح رہے کہ شراب لائنسس معاملے میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے۔جس میں بیرسٹر سعید احمد ظفر نے وزیراعلیٰ پنجاب کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دینے کی اپیل کی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ 286 سے انتخابات میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کی۔ عثمان بزدار پر مبینہ طور پر پانچ کروڑ روپے لے کر لاہور کے ایک ہوٹل کو شراب کی فروخت کا لائنسس جاری کرانے کا الزام ہے۔ان کے خلاف نیب تحقیقات جاری ہیں۔وہ اس معاملے پر 12 اگست کو نیب آفس پیش بھی ہوئےجبکہ نیب تحقیقات کے دوران دو افسران بطور وعدہ معاف گواہ بھی سامنے آ چکے ہیں۔درخواست میں اپیل کی گئی کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شراب لائسنس کے اجراء سے متعلق غلط بیانی کی ۔ اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کو نااہل قرار دے کر اس نشست کو خالی قرار دے دیا جائے اور وہاں دوبارہ انتخابات کروائیں جائیں۔درخواست کے فیصلے تک الیکشن کمیشن وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کام سے روکنے کا حکم دے۔
دوسری طرف قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مختلف کیسز میں میرٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر خسرو بختیار، پنجاب کے 4 وزرا اور دیگر خلاف تحقیقات ‘تیزی سے مکمل’ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نیب میں 2 تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں جس میں سے ایک الزام یہ ہے کہ انہوں نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے سربراہ پر دباؤڈالنے کےلیے 5 کروڑ روپے رشوت لی کہ وہ خلاف قانون ایک زیر تعمیر ہوٹل کو شراب لائسنس جاری کریں جبکہ دوسرا الزام گیٹ وے 2 ٹھوکر نیاز بیگ منصوبہ اپنے ‘من پسند ٹھیکیدار’ کو دینے کا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button