شعیب اور ثانیہ کا ‘مرزا ملک شو’ پاکستانی ٹی وی پر بھی چلے گا

بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے پاکستانی کرکٹر شوہر شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی افواہوں کے بعد شائقین کو دونوں کے ٹاک شو ’’دی مرزا ملک شو‘‘ کے ریلیز ہونے کا بے تابی سے انتظار ہے۔سلیبرٹی ٹاک شو کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب اسے ٹی وی پر بھی نشر کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ دونوں میاں بیوی کے شو ’دی مرزا ملک شو‘ کو ابتدائی طور پر صرف او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’اردو فلکس‘ پر دکھائے جانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب ’دی مرزا ملک شو‘ کے تازہ ٹریلرز اور پروموز کو جاری کرتے ہوئے اسے ’ایکسپریس ٹی وی‘ پر بھی دکھانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
اردو فلکس نے سلیبرٹی شو کے پروموز کو شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ اس شو کو 18 دسمبر سے ہر ہفتے اور اتوار کے دن او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر نشر کیا جائے گا۔ اردو فلکس نے اگرچہ شو کو ہفتہ وار نشر کرنے کا اعلان کیا، تاہم سٹریمنگ ویب سائٹ کی جانب سے شو کو نشر کرنے کا وقت نہیں بتایا گیا۔ دوسری جانب ایکسپریس ٹی وی کی جانب سے بھی ’دی مرزا ملک شو‘ کے پروموز کو شیئر کرتے ہوئے اسے ہر اتوار کو ٹی وی پر رات 9 بجے نشر کرنے کا اعلان کیا گیا۔ دونوں کے شو کے جاری کردہ پروموز میں ان کے ساتھ مختلف شخصیات کو دیکھا جا سکتا ہے اور پروموز سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کا شو تفریح سے بھرپور ہوگا۔ اب تک جاری کیے گئے پروموز میں ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، فہد مصطفیٰ، یاسر حسین، اقرا عزیز، مہوش حیات، منال خان، سارہ خان اور منیب بٹ سمیت دیگر شخصیات کو دکھایا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے شو کو نشر کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ان کے اختلافات اور علیحدگی کی خبریں چل رہی ہیں لیکن دونوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔
دونوں سٹارز کے درمیان علیحدگی کی افواہیں ابتدائی طور پر بھارتی میڈیا سے شروع ہوئیں۔ بعد ازاں نومبر میں ثانیہ مرزا کی سالگرہ پر شعیب ملک نے ان کے ہمراہ اپنی ایک تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی تھی۔ دونوں کی طلاق کی افواہوں کے درمیان ہی ’دی مرزا ملک شو‘ کو نشر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب اسے دکھانے کی تاریخ بھی بتادی گئی ہے۔
