’میرا دل یہ پکارے آجا‘ فیم گرل کو انڈیا سے شادی کی آفر

لتا منگیشکر کے پرانے گانے ‘میرا دل یہ پکارے آجا’ پر ڈانس کر کے مشہور ہو جانے والی پاکستانی ٹک ٹاکر عائشہ کو انڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان شخص نے شادی کی آفر کر دی ہے۔ ممبئی کے رہائشی فیضان انصاری کی جانب سے ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ فیم گرل سے شادی کرنے کی خواہش پر مبنی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے اور لوگوں نے اس پر طرح طرح کے کمنٹس کیے ہیں۔  ویڈیو میں بھارتی شخص فیضان انصاری بڑے دعوے سے کہتے سنائی دیتے ہیں کہ وہ دو دن بعد بھارت میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں جاکر ویزے کی درخواست دے دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں پاکستان جاکر عائشہ سے شادی کرنے کا بے صبری سے انتظار ہے، وہ اپنی شادی کی تقریبات لاہور سمیت ممبئی میں بھی رکھنے کے خواہاں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی ٹیم ٹک ٹاکر عائشہ کی ٹیم سے مسلسل رابطے میں ہے اور یہ کہ وہ خوابوں میں روز عائشہ سے ملتے ہیں۔ بھارتی شخص نے ویڈیو میں عائشہ کو مخاطب ہوتے ہوئے انہیں تین بار قبول بھی کیا اور ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ پاکستان جانے کے بعد عائشہ بھی انہیں نکاح میں قبول کریں گی۔ فیضان انصاری نے بتایا کہ انہوں نے عائشہ سے شادی کے لیے حق مہر میں 15 لاکھ روپے تک کی رقم دینے کا سوچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان جاکر عائشہ کو حق مہر ادا کرکے ان سے شادی کریں گے اور انہیں اپنی دلہن بنا کر ممبئی لے آئیں گے۔

فیضان انصاری نے عائشہ کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’جان من میں تمہیں لینے کے لیے آ رہا ہوں۔ خیال رہے کہ ٹک ٹاکر عائشہ عرف مانو نے اکتوبر کے آخر میں ایک شادی کی تقریب میں لتا منگیشکر کے پرانے گانے ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ کے ریمکس پر منفرد انداز میں ڈانس کر کے جہاں شادی کی تقریب میں شامل مہمانوں کو محظوظ کیا، وہیں ان کی ویڈیو بھی دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی تھی۔ ان کی ویڈیو کو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی سراہا گیا اور کئی ٹک ٹاکرز ان کی نقل اتارتی دکھائی دیں جب کہ ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ پر لڑکے بھی ڈانس کرتے دکھائی دیے۔

ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بولی وڈ کی کوئین ڈانسر مادھوری ڈکشٹ، کترینہ کیف، صبا فیصل، حمیمہ ملک اور دیگر شخصیات نے بھی ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ پر ڈانس ویڈیوز بنا کر شیئر کی تھیں، جنہیں لوگوں نے کافی سراہا تھا۔ ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے کے بعد حال ہی میں عائشہ نے ماڈلنگ بھی شروع کردی تھی اور جلد ہی وہ ایک گانے میں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔

Back to top button