شہزاد اکبر شرمندگی سے بچنے کیلئے جھوٹ بول رہے ہیں

لیگی رہنما عطا تارڑ مشیر احتساب کے دفتر سے لکھا گیا خط میڈیا کے سامنے لے آئے ، مسلم لیگ ن کے رہنما نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ شہزاد اکبرمکمل طور پر جھوٹ بول رہے ہیں ، شرمندگی سے بچنے کے لیے یہ سب کر رہے ہیں، 3سال سے بغیر تحقیق جھوٹے، بےبنیاد اور من گھڑت الزامات لگائے جارہےہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے بیٹے سلیمان کو منی لانڈرنگ الزامات سے بری کر دیا گیا ہے لیکن افسوس کہ شہزاد اکبر اب بھی جھوٹ سے کام لے رہے ہیں ۔خیال رہے کہ 21 ماہ کی تحقیقات اور 20 سال کے مالی معاملات کا جائزہ لینے کے بعد برطانوی عدالت نے شہباز شریف اور ان کے خاندان کے منجمد اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے شہباز شریف اور ان کے بیٹے سلیمان شریف کے منجمد بینک اکاؤنٹس کی تحقیقاتی رپورٹ ویسٹ منسٹر کورٹ میں جمع کرادی ہے۔رپورٹ کے مطابق شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بینک اکاؤنٹس میں منی لانڈرنگ، کرپشن اور مجرمانہ سرگرمی کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے بیٹے سلیمان شہباز کے بینک اکاؤنٹس دسمبر 2019 کو عدالتی حکم پر منجمد کیے گئے تھے۔ نیب کے ایسٹ ریکوری یونٹ نے برطانوی ایجنسی سے ثبوت شیئر کیے تھے۔برطانوی ایجنسی کی جانب سے تحقیقات کے دوران شہباز شریف اور شریف خاندان کے انگلینڈ اور متحدہ عرب امارات میں اکاؤنٹس کی چھان بین کی گئی۔

Back to top button