صرف 15منٹ میں 13.5 ارب ڈالرز کی کمائی

دنیا کی سب سے منافع بخش ویب سائٹ امیزون کے بانی جیف بیزوز نے ناقابل یقین کارنامہ انجام دیتے ہوئے صرف 15 منٹ میں 13.5 ارب ڈالر کما لئے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز امیزون کے شیئرز میں لگ بھگ 12فیصد اضافہ ہوا جس کے باعث کمپنی کے مالک جیف بیزوز کے اثاثوں میں بھی صرف 15 منٹ میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔ دنیا بھر میں آن لائن خریداری کےلیے سب سے مشہور ویب سائٹ کے بانی نے صرف 15منٹ میں 13 ارب ڈالرز سے زائد یعنی 20 کھرب روپے پاکستانی سے زائد کما کر دنیا بھر کی بڑی بڑی کمپنیوں کے مالکان کو حیران کر دیا۔
یوں اب جیف بیزوز کی کل دولت کی مالیت 126 ارب ڈالرز ہوگئی ہے اور وہ پھر سے دنیا کے سب سے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کمپنی کی طرف سے کم وقت میں اربوں ڈالر کمانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے صارفین کا کہنا ہے کہ یقینی طور پر امیزون کے بانی جیف بیزوز بہت سے لوگوں کےلیے ایک بہترین مثال ہیں۔ جب کہ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے اس خبر پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیران کن طور پر پاکستان کی حکومت 6 ماہ کی سخت محنت کے بعد بمشکل 20 کھرب روپے سے زائد کے محصولات حاصل کر پائی ہے، جب کہ دوسری جانب جیف بیزوز نے اتنی رقم صرف 15 منٹوں میں کمالی۔
یہاں یہ بات واضح رہے کہ امیزون کے مالک جیف بیزوز اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان دنیا کا امیر ترین شخص بننے کا مقابلہ جاری رہتا ہے۔ کبھی تو جیف بیزوز دنیا کا امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل کر لیتے ہیں، تو کبھی بل گیٹس ان سے یہ اعزاز چھین لیتے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ جیف بیزوز اور ان کی اہلیہ کے درمیان کچھ عرصہ قبل علیحدگی ہوگئی تھی۔ اس باعث جیف بیزوز کو اپنی اہلیہ کو کئی ارب ڈالرز ادا کرنا پڑے تھے، تاہم اس کے باوجود ان کی کل دولت میں کمی ہونے کی بجائے اضافہ ہی ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button