ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید ایک ماہ کی توسیع

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے مالی سال 20-2019 کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی۔ گوشوارے اب اٹھائیس فروری تک جمع کروائے جاسکتے ہیں۔
ایف بی آر نے سال 2019 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جنوری سے بڑھا کر28 فروری کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ٹیکس گزار 28 فروری تک اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرواسکیں گے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو تاحال لاہور سے چارلاکھ پانچ ہزار جب کہ ملک بھر سے مجموعی طور پر چھبیس لاکھ گوشوارے موصول ہوئے ہیں جب کہ ایف بی آر نے سال 2019 کےلیے تینتیس لاکھ گوشواروں کا ہدف مقرر کرر کھا تھا۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہےکہ مقررہ ہدف سے 7 لاکھ گوشوارے کم موصول ہونے پراٹھائیس فروری تک توسیع کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جنوری 2020 تھی۔ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ توسیع کی گئی ہے۔
