طیارہ حادثہ: نعشوں کا تشخیصی عمل 48 گھنٹوں میں مکمل ہوگا

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم یعنی آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے مسافر طیارے کے حادثے کا شکارمسافروں کی سوختہ لاشوں کی تشخیص کا انتہائی پیچیدہ عمل سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل)، جامعہ کراچی کے تحت آئندہ48گھنٹوں میں مکمل ہوجائے گا جبکہ ستائس(27)ڈی این اے رپورٹس محکمہ پولیس سندھ کو ارسال کردی گئی ہیں۔
نعشوں کے تشخیص کے چوبیس گھنٹے(24/7) جاری رہنے والے آپریشن میں بیس سائینسدان اور رضا کار شامل ہیں۔ ایس ایف ڈی ایل کی تیارکردہ اعدادوشمار کے مطابق اب تک ایس ایف ڈی ایل کوحادثے کا شکار مسافروں کے لواحقین کے(67)نمونے موصول ہوئے ہیں جبکہ پولیس سے مرنے والوں کے(69)نمومے موصول ہوئے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی کے تحت اس جدید ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری کا قیام عمل میں آیا تھا، یہ سندھ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور پاکستان میں دوسری فرانزک لیبارٹری ہے جسے جمیل الرحمن سینٹر فار جینومکس ریسرچ میں قائم کیا گیا ہے۔
