عائشہ عمر کی شادی کر کے بچے پیدا کرنے کی خواہش

معروف اداکارہ عائشہ عمر نے بالآخر اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ اب شادی کر کے بچے پیدا کرنا چاہتی ہیں تاکہ اپنی نارمل زندگی کا آغاز کر سکیں۔ معروف کامیڈی ڈرامے بلبلے میں خوبصورت کا کردار ادا کر کے شہرت حاصل کرنے والے عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ  ان کی زندگی انتہائی سکون سے گزر رہی ہے، انہیں کسی طرح کی کوئی پریشانی بھی نہیں، اور اسی لیے اب وہ شادی کرکے ماں بننا چاہتی ہیں۔ عائشہ عمر ماضی میں بھی شادی سے متعلق بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ فی الحال انہیں شادی کی ضرورت نہیں، انکا کہنا تھا کہ جب انہوں نے شادی کرنا ہو گی تو کرلیں گی۔ عائشہ ماضی میں اپنے ہونے والے بچوں کی تربیت سے متعلق بھی کھل کر بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ ان کے بچے اگر بیٹے ہوئے تو آج کل کے لڑکوں سے کافی مختلف ہوں گے اور وہ ان کی منفرد انداز میں تربیت کریں گی۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں بتایا تھا کہ ان کے بیٹے سنجیدہ، نرم مزاج اور دوسروں کا احترام کرنے والے ہوں گے۔ عائشہ عمر نے لکھا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کی اس طرح پرورش کریں گی کہ وہ خود بھی بڑے ہو کر ایک ماں کی طرح اپنی اولاد کی پرورش کریں گے اور انہیں اس بات کا پابند بنائیں گی کہ وہ اپنے ہر عمل کا حساب دیں۔ اب انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ جلد سے جلد شادی کرکے ماں بننا چاہتی ہیں۔

شوبز ویب سائٹ ’سم تھنگ ہاٹ‘ سے بات کرتے ہوئے عائشہ عمر نے ماضی میں کرکٹر شعیب اختر کے ساتھ بولڈ فوٹوشوٹ کروانے پر بھی بات کی اور بتایا کہ ان کے فوٹوشوٹ پر بھارتی میڈیا نے تنازع کھڑا کر دیا تھا۔ اداکارہ نے بتایا کہ سرحد پار کے میڈیا کو انکے فوٹو شوٹ کی سمجھ نہیں آئی اور اس نے انکی تصاویر کو ایڈٹ کرکے ان کا سکینڈل بنانے کی کوشش کی جو ناکام رہی۔ دوران انٹرویو عائشہ عمر نے خود کو ایک پرفارمر اورتفریح فراہم کرنے والا شخص قرار دیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کیریئر میں بہت ساری ناکامیاں اور کامیابیاں دیکھیں اور اب وہ سکون بھری زندگی گزار رہی ہیں، انکا کہنا تھا کہ خدا کا شکر ہے کہ مجھے کوئی ڈپریشن یا پریشانی نہیں۔ عائشہ عمر نے کہا کہ اب وہ بطور ماں زندگی گزارنا چاہتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ان کی شادی جلد ہوجائے اور ان کے بچے بھی ہوں۔ اداکارہ نے بتایا کہ جہاں وہ شادی کرکے ماں بننا چاہتی ہیں، وہیں ان کی یہ خواہش بھی ہے کہ وہ دو بچوں کو گود بھی لیں گی۔

اگرچہ عائشہ عمر نے کہا کہ وہ شادی کرکے ماں بننے کی خواہش مند ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے شادی کے لیے کوئی مرد پسند کر رکھا ہے یا نہیں یا پھر وہ کب تک شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہی ہیں۔

Back to top button