پاکستانی ودیا بالن کہلانے والی اشنا شاہ کو بھی دلہا مل گیا

پاکستانی ودیا بالن کہلالے والی خوبصورت اداکارہ اشنا شاہ نے اپنے دوست پروفیشنل گالفر حمزہ امین سے منگنی کر لی ہے اور امید ہے کہ اگلے برس دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر مداحوں سے اپنی منگنی کی خبر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے گالفر حمزہ امین سے منگنی کر لی ہے۔ اداکارہ اور ان کے منگیتر حمزہ امین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر منگنی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری سنائی ہے، اشنا شاہ نے اپنی پوسٹ میں حمزہ امین کو ٹیگ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ حمزہ امین اصل میں اِن کے مسنگ پزل ہیں۔

دوسری جانب حمزہ امین نے بھی اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی منگیترکے بارے میں لکھا کہ میری خوبصورت منگیتر اشنا شاہ سے ملیے، میرا دل آپ کی پناہ گاہ ہوگا اور میری بانہیں آپ کا گھر ہوں گی۔ یاد رہے کہ حمزہ پاکستان کے پہلے گالفر ہیں جنہوں نے عالمی ٹورنامنٹ وَن ایشیا گالف ٹور کے لیے 2015ء میں کوالیفائی کیا تھا، انہیں اکثر اشنا کے ساتھ دیکھا جاتا تھا۔ اشنا شاہ اور حمزہ امین کے گہرے تعلقات بارے کافی عرصے سے چہ مگوائیاں کی جارہی تھیں تاہم اداکارہ نے کسی افئیر کی تردید کی تھی۔

واضح رہے کہ اداکارہ اس سے قبل شوبز انڈسٹری کے منفی پہلوئوں کو عوام میں لانے پر بھی تنقید کی زد میں رہی ہیں، سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ کیا میں انڈسٹری کا راز بتاؤں، یہاں اکثر لوگ فراڈیے اور مصنوعی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ایسا ہمیشہ تو نہیں لیکن اکثر ہوتا ہے کہ جب کسی چیز کو خوب بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے تو اسے اپنے فائدے کے لیے کم صلاحیت والے لوگ سراہتے ہیں، یہ دھوئیں اور آئینے کی طرح ہے۔ اپنی دوسری ٹوئٹ میں اشنا نے لکھا کہ دھوکہ صرف شوبز انڈسٹری میں ہی نہیں بلکہ اس کا اطلاق پورے معاشرے پر ہوتا ہے، دھوکہ دہی شو بزنس دنیا میں ہر جانب پھیل چکی ہے، چاہے وہ فلمیں ہوں، ٹی وی، فلاحی کام ہوں یا کھیل، اس لیے ہر جانب دھوکے باز نظر آتے ہیں۔

Back to top button