کیا فلم ’’جوائے لینڈ‘‘ آسکر ایوارڈ پاکستان لا پائے گی؟

ہم جنس پرستی اور مخنث افراد کی زندگی پر مبنی متنازع پاکستانی فلم ’’جوائے لینڈ‘‘ کو آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کرنے کے بعد اب شارٹ لسٹ بھی کر لیا گیا ہے، جس کے بعد یہ امید بڑھ گئی ہے کہ شاید یہ فلم تاریخ رقم کرتے ہوئے آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہو جائے۔ معروف پاکستانی ڈائریکٹر، رائٹر و اداکار صائم صادق کی فلم جوائے لینڈ کو آسکرز کے 95ویں ایوارڈ میلے میں انٹرنیشنل فیچر فلم کی کیٹیگری میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی پر بنائی گئی جس کو سرمد کھوسٹ اور اپوروا چرن نے پروڈیوس کیا ہے۔ لیکن اس فلم کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں مل پائی اور اس کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔
’جوائے لینڈ‘ لاہور کے ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والے محنت کش شادی شدہ نوجوان (حیدر) کی کہانی ہے، جو ایک ڈانس تھیٹر میں کام شروع کرتا ہے اور ایک ٹرانس جینڈر (بیبا) سے محبت کر بیٹھتا ہے، فلم میں ثروت گیلانی، ثانیہ سعید، علی جونیجو، ثنا جعفری، علینہ خان سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا۔رواں برس مجموعی دس کیٹیگریز میں دنیا بھر سے فلموں کو نامزد کیا گیا اور انٹرنیشنل کیٹیگری میں شارٹ لسٹ کی جانے والی 15 فلموں میں پاکستانی فلم جوائے لینڈ بھی شامل ہے، دنیا بھر سے 92 ممالک اس کیٹیگری میں شامل ہونے کے اہل تھے تاہم صرف 15 ممالک کی فلموں کو منتخب کر کے آسکرز اکیڈمی ایوارڈز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
95ویں آسکرز ایوارڈ کے لیے انٹرنیشنل فیچر فلم کیٹگری کی نامزد 15 فلموں میں سے منتخب پانچ فلموں کے ناموں کو اگلے مرحلے میں فائنل لسٹ میں شامل کیا جائے گا اور پھر ایوارڈ کے لیے ان پانچ فلموں میں سے ایک کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس لسٹ میں پاکستانی فلم جوائے لینڈ کے ساتھ ارجنٹینا، آسٹریا، بلجیئم، کمبوڈیا، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، میکسیکو، مراکش، پولینڈ، جنوبی کوریا، سویڈن اور انڈیا کی فلمیں شامل ہیں۔
آسکرز ایوارڈز کے لیے انڈیا کی ’فلم لاسٹ فلم شو‘ بھی آسکرز کے لیے نامزد کی گئی ہے جو عامر خان کی مقبول فلم ’لگان‘ کی نامزدگی کے 20 سال بعد آسکرز کے عالمی میلے کے لیے شارٹ لسٹ ہوئی ہے۔ یہ ساؤتھ انڈین فلم ہے جس میں فلموں کے شوقین ایک نو سالہ بچے کی کہانی کو دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی ہی ایک اور فلم ’آر آر آر‘ کے گانے ناتو ناتو کو بھی 95ویں آسکرز ایوارڈ کی اوریجنل سونگ کییٹگری میں شامل کیا گیا ہے، آسکرز کے لیے نامزد فلموں کی ووٹنگ 12 سے 17 جنوری تک ہوگی، نامزد فلموں کے اگلے مرحلے کی فہرست کا اعلان 24 جنوری کو کیا جائے گا، جبکہ 95ویں آسکرز ایوارڈ کا میلا 12 مارچ کو ہالی وڈ کے مشہور ڈولبی تھیٹر میں سجے گا۔
پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ نے اس سے قبل دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے ‘کانز’ میں ایوارڈ اپنے نام کر کے تاریخ رقم کی تھی، کانز فلمی میلے میں جوائے لینڈ نے دو کیٹیگریز میں ایوارڈز حاصل کیے جن میں ’جیوری پرائز ان دی ان سرٹن ریگارڈ‘ اور ’کانز قیور پالم‘ پرائز شامل ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سال اگست میں پنجاب سینسر بورڈ نے ’جوائے لینڈ‘ کو ’عام نمائش‘ کے لیے غیر موزوں قرار دیا تھا، جبکہ سندھ سنسر بورڈ نے اسے ’اے‘ سرٹیفکیٹ دیا تھا، جس کا مطلب یہ تھا کہ فلم صرف بالغوں کے لیے ہے۔ لیکن بار بار تنازعات کی نذر ہونے کے باوجود ’جوائے لینڈ‘ اب ایک مرتبہ پھر آسکرز ایوارڈ کی انٹرنیشنل فیچر فلم کییٹگری میں شارٹ لسٹ ہو چکی ہے۔
