عاطف اسلم اور ماہرہ خان کا گانا ’’اجنبی‘‘ ریلیز ہوتے ہی ہٹ
گلوکار عاطف اسلم اور اداکارہ ماہرہ خان کا نیا گانا ’اجنبی’ ریلیز ہوتے ہی ہت یو گیا ہے۔ عاطف اسلم نے گانا ریلیز ہونے کا اعلان سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کیا۔ عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پر شیئر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میرا نیا گانا ‘اجنبی’ ریلیز کر دیا گیا ہے، انہوں نے گانے کا حصہ بننے پر اداکارہ ماہرہ خان کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اس حوالے سے پوسٹ کی اور اپنا گانا ریلیز ہونے سے متعلق مداحوں کو بتایا۔اداکارہ نے 10 برس قبل فلم ‘بول’ میں عاطف اسلم کے ساتھ کام کرنے کا بھی حوالہ دیا۔ ماہرہ خان نے کہا کہ کرونا وائرس کے دوران یہ ان کا پہلا ایسا شوٹ تھا جو اچھے طریقے سے ہوا ، ساتھ ہی ماہرہ خان نے گانے سے متعلق لکھا کہ کیا آپ کسی اجنبی سے ملے ہیں اور اس سے کنیکشن محسوس ہوا ہے اور پھر اُس سے دوبارہ کبھی نہیں ملے۔
عاطف اسلم کا یہ گانا چند گھنٹوں میں بے حد مقبول ہو گیا اور اسے بہت زیادہ پسند کیا جا رہا ہے۔ اس گانے کو اب تک 10 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے اور یہ یوٹیوب پر پانچوین نمبر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ یہ گانا عاطف اسلم کے دیگر گانوں سے مختلف ہے اور وہ اس میں ایک مرتبہ نظر آنے والی ماہرہ خان کو ڈھونڈتے نظر آ رہے ہیں۔
ویڈیو میں ماہرہ خان کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اگست میں ایک انٹرویو کے دوران عاطف اسلم نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ رواں سال ماہرہ خان کے ساتھ ایک گانے میں دکھائی دیں گے اور دونوں ایک دہائی بعد سکرین پر رومانس کریں گے۔ بعدازاں گزشتہ ہفتے گانا ریلیز کرنے کا اعلان کرنے کے بعد انہوں نے اپنے گانے ’اجنبی’ کا ٹیزر بھی ریلیز کیا تھا ، گانے کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے عاطف اسلم نے کہا تھا کہ یہ ٹیزر میرے مداحوں کے لیے ویک اینڈ کا تحفہ ہے۔ اس سے قبل دونوں نے ’بول‘ نامی فلم میں ایک ساتھ کام کیا تھا اور ان کی جوڑی کو بہت سراہا گیا تھا جبکہ عاطف اسلم نے بھی ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کو خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے انہیں سنجیدہ اور اچھی اداکارہ قرار دیا تھا۔
