عاطف خان گروپنگ کررہے تھے

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے برطرف سینئر صوبائی وزیر کے بارے میں انکشاف کیا ہے کہ عاطف خان کو کئی مرتبہ گروپنگ سے منع کیا گیا لیکن جب معاملہ نہیں سلجھا تو برطرف کرنا ہی آپشن تھا۔
انہوں نے کہا کہ گروپنگ سے پارٹی میں انتشار پھیلتا ہے اور جب پارٹی کو نقصان پہنچتا ہےتو فیصلہ لینا پڑتا ہے، جو ایم پی ایز گروپنگ میں ملوث ہیں ان کو بھی شوکاز نوٹس دیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطرف کیے گئے وزراء گروپنگ میں ملوث تھے، وزراء کو ہٹانے سے دیگر لوگ بھی سیکھ جائیں گے کہ پارٹی ڈسپلن پرعمل کرنا ہوگا۔ وزراء کی کارکردگی کی مانیٹرنگ ہورہی ہے، جس وزیر نےکارکردگی نہیں دکھائی وہ گھر جائے گا۔
گزشتہ روز شوکت یوسفزئی نے الزام عائد کیا تھا کہ عاطف خان وزیراعلی بننے کےلیے گروپنگ کررہے تھے، 10 ارکان صوبائی اسمبلی ان کے ساتھ تھے، انہیں کئی مرتبہ گروپنگ سے منع کیا گیا، جب معاملہ نہیں سلجھا تو برطرف کرنا ہی آپشن تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عاطف خان وزارت سیاحت میں بھی پرفارم نہیں کررہے تھے۔
