عمران خان کے شہباز گل پر تشدد کے بیان کی تردید کردی

وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے چیئرمین تحریک انصاف عمران کے شہباز گل پرتشدد کے بیان کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ شہباز گل اڈیالہ جیل میں خیریت سے ہیں، کسی کی مجال نہیں کہ شہباز گل کو انگلی بھی لگائے، وہ وفاق کے قیدی ہیں پنجاب حکومت ان کی سزا میں کمی نہیں کرسکتی۔
اڈیالہ کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ پنجاب میں 40 سے زائد جیل موجود ہیں، سابق وزیر اعلیٰ نے جیل میں بہت سا کام کیا ہے، جیل میں سیکیورٹی اور کھانے کا اچھا انتظام ہے، قیدیوں کی ایک ماہ سزا معافی کا اعلان کروں گا۔
انکا کہنا تھا وزیر اعلیٰ سے بات کر کے، خواتین قیدیوں کے لیے فیملی رومز تعمیر ہونگے، جو قیدی کام کریں گے اس کی اجرت دی جائے گی، پورے پنجاب میں 50 ہزار سے زائد قیدی ہیں،وہ ہمارے مہمان ہیں، قیدیوں کو اپنے اہل خانہ کی طرح درست کریں گے، جیل خانہ جات فورس کو ایگزیکٹو الاؤنس دونگا۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا شہباز گل کو جیل میں برہنہ کرکے تشدد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عمران خان سے ملاقات کر کے بتاؤں گا کہ اصل حالات کیا ہیں، شہباز گل جب رہا ہونگے تو ان سے پوچھ لیجئے گا کہ کیا میں نے غلط بیانی نہیں کی، کل بھی شہباز گل سے جیل میں کافی ملاقاتیں ہوئی ہیں، ہمیں دیکھنا ہے کہ ٹائمنگ کیا ہے، میں ایک ذمہ دار بندہ ہوں،عمران خان کو تسلی دلانا میرا کام ہے، سب حالات پر عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کرونگا۔
ہاشم ڈوگر نے کہا25 مئی کومیرے گھر کے دروازے توڑے گئے، فیصل آباد میں ایک نہتی خاتون کو اسلحہ دکھانے والے پولیس افسر کو نوکری سے نکالا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزعمران خان نے ایک ٹی وی انٹرویومیں کہا تھا کہ میرے خلاف بیان دینے کیلئے شہباز گل پر تشدد کیا جارہا ہے۔
