شہزاد اکبر سمیت 10افراد کے نام ECLمیں ڈالنے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے سابق مشیرشہزاد اکبرسمیت 10 افراد کے ناموں کوایگزٹ کنٹرول لِسٹ میں ڈالنے، 22 لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے جبکہ 3 لوگوں کوایک مرتبہ اجازت کی منظوری دے دی۔
وزیر شہباز شریف کی زیر صدارت ہونیوالے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزراتِ موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے ملک میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے پچھلے 10 سالوں سے پہلے آٹھ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل رہا ہے جو باعثِ تشویش ہے۔ جبکہ گلوبل وارمنگ گیسوں کے فضا میں اخراج میں ہمارا حصہ دنیا کا صرف ایک فیصد بنتا ہے۔موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کے وسائل کو بری طرح متاثر کررہی ہیں۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے فورری طورپر Mitigation and Adaptation کے لائحہ عمل پرعمل درآمد کی ضرور ت ہے ۔ کابینہ میں تجویز پیش کی گئی کہ پاکستان کو درپیش ان مسائل پر آگاہی، پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ اور Cop-27 کے تحت اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی ڈاکومنٹری بنا کر بین الاقوامی فورمزپر پیش کی جائے۔
اس کےعلاوہ اس بحران سے نپٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پررائج شدہ جدید و سائنسی اقدامات اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کابینہ نے اتفاق کیا کہ ٹی وی چینلز پر Public Service Messaging کے دورانیہ کو ان مسائل کے تدارک کے حوالے سے موئثر طریقے سے بروئے کارلائے جانے کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں اسکول اور کالجز کے نصاب میں بھی موسمیاتی تبدیلی کی تعلیم کو شامل کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے بنائی گئیں پالیسیوں کے نفاذ کو بھی یقینی بنا نے پر زور دیا گیا۔اورجنگی بنیادوں پر Rain Harvesting کی منصوبہ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں اس منصوبے کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر اجراء کرنے کی تجویز بھی زیرِغورآئی۔
وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی جس میں متعلقہ وزارتوں کے وزراء بھی شامل ہوں گے۔ جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبوں پر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا موسمیاتی تبدیلی، واٹر سکیورٹی اور فوڈ سکیورٹی تینوں ایک دوسرے سے منسلک چیلنجز ہیں اورہمیں ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے اور اپنی آنے والی نسلوں کو ان کے اثرات سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت کو موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے متوقع مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور اس مسئلہ کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پرمالی سال 2022-23 کے لیے دِیت کی کم از کم حد 30 ہزار 6 سو 30گرام چاندی کے برابر، جس کی مالیت تقریباً43 لاکھ روپے سے اوپر بنتی ہے، مقرر کرنے کی منظوری دی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی طرف سے 35 ادویات کی قیمتوں (MRP) میں اضافے کی سمری کو متفقہ طور پر مسترد کردیا اور یہ ہدایت جاری کیں کہ ادویات کی قیمتوں میں وفاقی کابینہ کی منظور ی کے بغیر کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
کابینہ نے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی طرف سے 35 ادویات کی قیمتوں (MRP) میں اضافے کی سمری کو متفقہ طور پر مسترد کردیا اور یہ ہدایت جاری کیں کہ ادویات کی قیمتوں میں وفاقی کابینہ کی منظور ی کے بغیر کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
کابینہ نے ای سی سی کے اجلاس اورCCLC کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔ وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر سمیت دس افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر22 لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے جبکہ 3 لوگوں کوایک مرتبہ باہر جانے کی اجازت کی منظوری بھی دی۔
