عمران کیلئے منی لانڈرنگ کرنے والے 14 خفیہ اکاؤنٹس پکڑے گئے

ایف آئی اے کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں تیزی آنے کے بعد بیرون ملک کام کرنے والی تحریک انصاف کی 14 خفیہ کمپنیوں کا سراغ لگا لیا ہے جنکی تشکیل کا بنیادی مقصد عمران خان کیلئے منی لانڈرنگ کرنا تھا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس سے بھاری رقوم چیریٹی کے نام پر پاکستان منتقل کی جاتی تھیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ان 14 کمپنیوں میں سے چار کے اکاؤنٹس بیرون ملک سے پاکستان رقوم ٹرانسفر کرنے کے بعد بند کروا دیے گئے تھے۔ ایف آئی کا کہنا ہے کہ نان پرافٹ آرگنائزیشن کے نام پر 2015 میں برطانیہ میں تحریک انصاف کشمیر یو کے لمیٹڈ بنائی گئی، 2012 میں تحریک انصاف بیلجیم کے نام سے کمپنی بنائی گئی،2007 میں تحریک انصاف کینیڈا اور 2005 میں تحریک انصاف آسٹریلیا کے نام سے کمپنیاں بنائی گئیں، اسکے علاوہ امریکہ میں تحریک انصاف ٹیکساس بنائی گئی۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کینیڈا میں پی ٹی آئی کینیڈا کے نام سے ایک اور کمپنی بھی بنائی گئی، ڈنمارک میں پاکستان تحریک انصاف ڈنمارک کے نام سے کمپنی بنائی گئی ،جرمنی میں پاکستان تحریک انصاف ڈوئچے کے نام سے کمپنی بنائی گئی، کینیڈا میں پاکستان تحریک انصاف اوورسیز کے نام سے ایک کمپنی بنائی گئی، برطانیہ میں 2010 میں پی ٹی آئی یو کے کے نام سے کمپنی رجسٹرڈ کرائی گئی، نیو جرسی میں پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے کے نام سے کمپنی رجسٹرڈ کرائی گئی۔ اسکے علاوہ 2014 میں پی ٹی آئی ڈنمارک کے نام سے بھی کمپنی بنائی گئی، 2013 میں فن لینڈ میں پاکستان تحریک انصاف فن لینڈ کے نام سے کمپنی رجسٹرڈ کرائی گئی۔
یہ تمام کمپنیاں بھاری رقوم اکٹھی کرکے اپنے اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان بھجوایا کرتی تھیں۔ ان کمپنیوں کے ریکارڈ کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے، کمپنیوں کو آپریٹ کرنے والوں کے متعلق بھی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔ دوسری جانب ممنوعہ فنڈنگ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کے خلاف ایف آئی اے کی تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے عمران خان کے ساتھ مل کر تین بینک اکاؤنٹس کھولے، انہوں نے ایک بینک اکاؤنٹ امریکی ڈالرز کے لیے کھولا، دوسرا پاؤنڈز کے لئے اور تیسرا روپوں کے لیے، تمام اکاؤنٹس انصاف ٹرسٹ کے نام سے کھلوائے گئے، اور انکے ذریعے بیرون ملک سے پاکستان لائی جانے والی بھاری رقوم پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کیلئے استعمال کی گئیں۔
