فاسٹ بائولر حارث رئوف کی شادی سوشل میڈیا پر وائرل

پاکستانی فاسٹ بائولر حارث رئوف کی شادی اس وقت سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہے، اور صارفین سمیت قومی کرکٹرز کی بڑی تعداد ان کی شادی کی تصاویر پر دلچسپ تبصرے کرتی نظر آ رہی ہے۔
یاد رہے کہ حارث رؤف نے اسلام آباد کی رہائشی اپنی کلاس فیلو مَظِنَّہ مسعود کے ساتھ شادی کی ہے۔ ان کے نکاح کے فوراً بعد ہی ان کی اہلیہ کے نام سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ منظر عام پر آنا شروع ہو گئے تھے۔ اس حوالے سے حارث رؤف کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ میری اہلیہ مَظِنَّہ ملک کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود نہیں، ان کا اپنا کوئی اکاؤنٹ نہیں اور ان کے نام کے جعلی اکاؤنٹ بنا کر میسجز ڈالے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برائے مہربانی ان جھوٹے اکاؤنٹس سے ہوشیار رہیں۔ فاسٹ بائولر نے خود کو شادی کی مبارکباد اور دعائیں دینے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ حارث رؤف اور مَظِنَّہ مسعود کی شادی میں شاہین شاہ آفریدی، عاقب جاوید اور شاہد خان آفریدی سمیت درجنوں موجودہ اور سابقہ کرکٹرز نے بھی شرکت کی، خیال رہے کہ حارث رؤف انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کے دوران پہلے ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہوگئے تھے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیزیز میں پاکستان کے سکواڈ کا بھی حصہ نہیں بن پائے تھے۔
اسلام آباد کی رہائشی مَظِنَّہ مسعود کے ساتھ نکاح کے بعد حارث اور ان کی منکوحہ کی تصاویر سوشل ٹائم لائنز پر آئیں تو جہاں ان کے ساتھی کرکٹرز شاہین شاہ آفریدی اور دیگر ان میں نمایاں تھے، وہیں تصاویر میں دکھائی نہ دینے والے ٹوئٹر ٹائم لائنز پر اپنی موجودگی کا احساس دلاتے رہے۔ شاداب خان نے حارث رؤف کی ایک تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ‘اتنی خوشی‘، لگتا ہے میرا ٹائم بھی آنے والا ہے’۔ اوپننگ بلے باز امام الحق نے شاداب خان سے اتفاق کرتے ہوئے لکھا کہ ہاں جی شادی کا ٹائم آ گیا ہے، اب اس نے ہم سب پر پریشر ڈال دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی فینز کے ساتھ انڈین بھی حارث رؤف کو ان کی ’زندگی کی دوسری اننگز‘ شروع کرنے پر مبارکباد دیتے دکھائی دیئے۔حارث رؤف کے نکاح کے بعد انکی اور منکوحہ کی تصاویر پر ہونے والی گفتگو صرف مبارکباد اور پیچھے رہ جانے والوں کی خواہشات کے اظہار تک محدود نہیں رہی بلکہ مَظِنَّہ مسعود کے مہندی لگے ہاتھ کی ایک تصویر بھی خصوصی توجہ کا مرکز رہی۔کئی ٹویٹس نے تصویر شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ مَظِنَّہ مسعود نے اپنی مہندی کے درمیان میں ’ایچ آر 150‘ کیوں لکھ رکھا ہے؟ اس گتھی کو سلجھانے کی کوشش کرنے والوں نے موقف اپنایا کہ 150 سے مراد پاکستانی بولر کی بائوکنگ سپیڈ ہے جبکہ ایچ آر ان کے نام یعنی حارث رئوف کا مخفف ہے۔
