فریال محمود اور دانیال راحیل نے خاموشی سے شادی کرلی

حال ہی میں اداکارہ حنا الطاف اور آغا علی نے کورونا وائرس کے دنوں میں سادگی سے نکاح کیا تھا اور اب ایک اور پاکستانی جوڑے نے بھی سادگی سے شادی کرلی۔ حنا الطاف اور آغا علی کے بعد اب خبریں ہیں کہ اداکارہ فریال محمود اور دانیال راحیل نے بھی خاموشی سے شادی کرلی۔ خبریں ہیں کہ دانیال راحیل اور فریال محمود نے لاہور میں سادگی کے ساتھ اپنے قریبی اہل خانہ کی موجودگی میں شادی کرکے نئی زندگی کی شروعات کردی۔

دانیال راحیل نے اپنی فیس بک پوسٹ میں فریال محمود سے تعلقات اور محبت کے حوالے سے بتاتے ہوئے اپنے والدین اور رشتہ داروں کا شکریہ بھی ادا کیا، تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے شادی کرلی لیکن انہوں نے اپنی پوسٹ میں عندیہ دیا کہ وہ جلد ہی ایک ہونے والے ہیں۔ دانیال راحیل نے فریال محمود کو پوسٹ میں مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ایک ہونے والے ہیں اور ساتھ ہی انہیں دلہن کے طور پر لکھتے ہوئے فوٹوگرافر کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی تصاویر لینے کےلیے تیار رہیں۔ اسی طرح دانیال راحیل نے اپنی فیس بک پروفائل تصویر کو بھی تبدیل کرتے ہوئے فریال محمود کے ساتھ عروسی لباس میں کھچوائی گئی تصویر لگائی، جس پر انہیں کئی قریبی دوستوں اور مداحوں نے مبارک باد دی۔
https://www.instagram.com/p/CAk_92hgXu3/?utm_source=ig_embed
دوسری جانب فریال محمود نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شادی کی تصویر شیئر کی، جس پر متعدد شوبز شخصیات کی جانب سے جوڑے کو مبارک باد دی گئی۔ ادھر فریال محمود نے بھی اپنے انسٹاگرام پر عید کے موقع پر اپنی تصاویر شیئر کرتے دانیال راحیل، ان کی والدہ اداکارہ سمی راحیل، ان کی بہن مہرین راحیل اور دیگر اہل خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی کا اظہار بھی کیا، تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں شادی کیے جانے کا واضح ذکر نہیں کیا۔
ایک تصویر میں انہوں نے ملنے والے تحفے کو بھی دکھایا اور کہا کہ انہیں پہلی عیدی ملی ہے، تاہم اس باوجود انہوں نے اپنی شادی سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔
میڈیا اور سوشل میڈیا پر دونوں کی شادی کی تصاویر اور پوسٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ دونوں نے ممکنہ طور پر عید الفطر سے قبل ہی شادی کی، تاہم ان کی شادی کی تصاویر عید کے بعد وائرل ہوئیں، تاہم اس حوالے سے دونوں نے کوئی وضاحت نہیں کی۔
خیال رہے کہ دونوں کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے اور دونوں نے دسمبر 2019 میں نجی ٹی وی بول کے ٹاک شو ‘بول نائٹس ود احسن خان’ میں شرکت کے دوران بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ دونوں ایک دوسرے کو بہت پسند کرتے ہیں اور جلد شادی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button