فواد خان نے خود کو مولا جٹ کے کردار میں کیسے فٹ کیا؟

فواد خان کون ہیں؟ لڑکیوں کا کرش یا فلم پروڈیوسرز کی پہلی چوائس، بہت ایرو گنٹ یا ایک سمپل ینگ مین؟ فواد جو کوئی بھی ہیں اس وقت پاکستانی شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا پر چھائے ہیں۔ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ فواد خان نے نور جہاں کے نواسے احمد علی بٹ کے ساتھ اپنا میوزک کیریئر شروع کیا تھا۔ انہوں نے لیڈ سنگر کے طور پر کئی شوز کئے۔ گلوکاری کرنے کے علاوہ فواد خان بہت اچھے گٹارسٹ اور ڈرمر بھی ہیں۔ پھر فواد نے میوزک انڈسٹری سے نکل کر شوبز انڈسٹری میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے شعیب منصور کی مشہور زمانہ فلم ‘خدا کے لئے’ سے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر وہاں سے ٹی وی کا رخ کیا، لیکن یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ فواد نے پرفارمنگ آرٹ کے ہر شعبے میں بھرپور کارکردگی دکھائی۔
زندگی گلزار ہے، داستان، اور ہم سفر جیسے شاہکار ڈراموں کے بعد فواد نے انڈین سنیما میں خوبصورت اور کپور اینڈ سنز نامی فلموں میں کام کیا۔ اب ان کی اوپر تلے تین فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں جن میں لیجنڈ آف مولا جٹ، منی بیک گارنٹی اور نیلو فر شامل ہیں، یعنی انکی ایک کے بعد ایک فلم پاکستانی سینما میں دھوم مچانے کے لئے تیار ہے۔ لیجنڈ آف مولا جٹ اپنی تکمیل کے تقریباً تین سال بعد بالآخر اکتوبر میں پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ اب یہ تو فلم کے ریویوز سے پتا چلے گا کہ لوگ اس میں سلطان راہی کو ڈھونڈیں گے یا فواد خان کو دیکھ کر سلطان راہی کو بھول جائیں گے کیونکہ وہ ایک بالکل نئے روپ میں نظر آنے والے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان کے ایک تازہ انٹرویو کے مطابق مولا جٹ کا رول قبول کرتے وقت پہلے تو انھیں ہنسی آئی کہ کیا وہ ایکشن اور وائیلنس سے بھر پور فلم کر پائیں گے لیکن پھر انہوں نے اس کردار کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا ،فواد خان نے بتایا کہ میں نے اپنا کردار سمجھنے کے لئے اوریجنل فلم مولا جٹ کئی بار دیکھی۔ اسکے بعد میں نے ہالی ووڈ کے رچرڈ گیر اور لالی ووڈ کے عامر خان کی طرح پہلے باڈی بنائی اور پھر ٹھیک ٹھاک پنجابی میں لاؤڈ ڈائیلاگ بھی بونے کی پریکٹس کی۔ تاہم انہوں نے اعترف کیا کہ وہ حمزہ علی عباسی جیسے اچھی طرح ڈائیلاگ ادا نہیں کر پائے۔ فواد خود کو کافی ڈرپوک قرار دیتے ہیں اور انھیں بندوق سے ڈر لگتا ہے۔ اسی لیے مولا جٹ نامی فلم میں کام کرتے ہوئے انہوں نے صرف گنڈاسہ اٹھایا۔ اس فلم میں ہیروئن یعنی مکھو جٹی کا کردار ماہرہ خان اداکر رہی ہیں اور انکی اور فواد خان کی کیمسٹری سے کون واقف نہیں۔ دونوں اچھے دوست ہیں اور ان میں لڑائیاں بھی ہوتیں ہیں لیکن کیمرے کے سامنے آتے ہی دونوں لو برڈز بن جاتے ہیں۔ شاہکار ڈرامے ہم سفر میں فواد اور ماہرہ کا رومانس کسے بھولا ہو گا؟
تاہم فواد کے فینز کا یہ گلہ اپنی جگہ کہ وہ اب ٹی وی پر نظر نہیں آتے؟ دوسری جانب فواد کا کہنا ہے کہ ٹی وی پر کام کرنا اس لیے مشکل ہو گیا ہے کہ وہ سستہ کا شکار ہو چکے ہیں اور ایک وقت میں زیادہ پراجیکٹس نہیں کر پاتے۔جب پوچھا گیا کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی زیادہ دکھائی کیوں نہیں دیتے، تو فواد نے کہا کہ انٹرنیٹ کا استعمال ٹویٹر، انسٹا گرام یا ٹک ٹاک تک محدود نہیں، اس سے اور کام بھی لئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ مجھے تو ایوارڈز ڈسٹری بیوشن کی فلاسفی بھی سمجھ نہیں آتی۔ بعض اوقات زبردست پرفارمنس دینے والے آرٹسٹ زندگی میں ایک بھی ایوارڈ حاصل نہیں کر پاتے حالانکہ ان کا کام سب کے سامنے ہوتا ہے۔ تاہم فواد اپنی چہیتی بیوی صدف خان کو اپنی کامیابیوں کا کریڈٹ دینا نہیں بھولتے۔ فواد کو آپ فیملی مین بھی کہہ سکتے ہیں، ان کی کتنی ہی اہم مصروفیت کیوں نہ ہو وہ اپنے تینوں بچوں کو وقت دینا نہیں بھولتے۔ وہ اچھا کھانے کے بے حد شوقین ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ مستقبل میں وہ کسی بڑے ریسٹورنٹ کے مالک بھی بن جائیں
