ایرانی فوج کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کےلیے مکمل تیار ہے: ترجمان ایرانی فوج

ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا کا کہنا ہے کہ ایرانی فوج نے حالیہ برسوں کے دوران اپنی دفاعی اور جنگی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور وہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کےلیے مکمل طور پر تیار ہے۔
بریگیڈیئر جنرل اکرمینیا نے کہا کہ جنگی تیاری صرف نئے ہتھیاروں کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ اس میں موجودہ دفاعی نظام کی بحالی، جدید خطوط پر اپ گریڈیشن، نئے آلات کی شمولیت، مقامی صلاحیتوں کا فروغ اور افواج کے حوصلے کو مضبوط بنانا بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں جنگی صلاحیت کا ایک اہم حصہ پرانے یا متاثرہ دفاعی نظام کی مرمت اور جدید کاری سے وابستہ ہے،جس کےلیے ایرانی فوج اپنی انجینئرنگ اور تکنیکی مہارت سے دفاعی سازوسامان کی ازسرنو تیاری اور اپ گریڈیشن کا عمل جاری رکھےہوئے ہے۔
بریگیڈیئر جنرل اکرمینیا نے فضائی دفاع کو ملکی دفاعی حکمت عملی کی اہم ترین ترجیحات میں شامل قراردیتے ہوئے کہاکہ پیچیدہ علاقائی صورت حال اور متنوع خطرات کے پیش نظر فضائی دفاع ملکی فضائی حدود اور اہم تنصیبات کے تحفظ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتاہے۔
انہوں نے کہاکہ فوج کی حقیقی طاقت صرف اسلحے سے نہیں بلکہ اہلکاروں کے ایمان،نظم و ضبط،ذہنی تیاری اور بلند حوصلےسے وابستہ ہوتی ہے،جب کہ موجودہ صورت حال میں ایرانی فوجی جوان جذبۂ ایثار کےساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کےلیے پُرعزم ہیں۔
جنگ نہیں مذاکرات سے حقوق حاصل کرنا چاہتے ہیں: مسعود پزشکیان
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نےکہا کہ ایران کی فوج ماضی کی جنگوں میں مقامی صلاحیتوں اور مؤثر منصوبہ بندی کےذریعے اپنی صلاحیت ثابت کرچکی ہے اور مستقبل کے خطرات کو مدنظر رکھتےہوئے اپنی جنگی تیاری اور دفاعی استعداد میں مسلسل اضافہ کررہی ہے۔
