فون سے ڈیلیٹ ہونے والی تصاویر واپس کیسے لائی جائیں؟

بعض اوقات اسمارٹ فون یا ڈیجیٹل کیمرے پرغلطی سے ایسی تصویرڈیلیٹ ہو جاتی ہے جس سےانسان کو پچھتاوا رہتا ہے لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اسمارٹ ڈیوائسز پر ڈیلیٹ ہونے والی تصاویر ہمیشہ کےلئے ختم نہیں ہوتیں بلکہ انہیں ذرا سی محنت کے بعد واپس لانا ممکن ہے. آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ اپنی ڈیلیٹ شدہ تصویر کا دوباہ حصول کیسے ممکن ہے.
تقریباً تمام اینڈرائیڈ فونزمیں گوگل فوٹوز ایپ موجود ہوتی ہے جو تصاویر اور ویڈیوز کی اسٹوریج اور شیئر کرنے میں مدد دیتی ہے، اینڈرائیڈ فونز میں اسے تصاویر کے بیک اپ کےلیے عام استعمال کیا جاتا ہے اور اکثر کیمرے سے لی جانے والی تصاویر یا واٹس ایپ سے آنے والی فوٹوز گوگل فوٹوز میں محفوظ ہوجاتی ہے۔ اس ایپ میں ایک کلاﺅڈ بیک اپ فیچر ہوتا ہے جو فون کی گیلری سے ڈیلیٹ ہونے پر بھی فوٹوز کی دستیابی کو یقینی بناتا ہے۔ اس مقصد کےلیے گوگل فوٹوز اوپن کرکے فوٹو لائبریری میں فون سے ڈیلیٹ ہوجانے والی تصاویر کو تلاش کرلیں اور پھر مینیو آئیکون پر کلک کرکے انہیں سیو ٹو ڈیوائس کے آپشن پر کلک کریں اور اپنی ڈیلیٹ ہونے والی تصویر دوبارہ حاصل کریں.
گوگل ڈرائیو بھی اینڈرائیڈ فونز میں تصاویر کو تحفظ دینے کا ایک ذریعہ ہے بلکہ اس میں دیگر فائلز کو بھی محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ اکثر فائلز کو گوگل ڈرائیو میں سیو کرنا تصاویر کو محفوظ رکھتا ہے، چاہے غلطی سے ڈیلیٹ ہی کیوں نہ ہوجائے اگر فون سے کوئی تصویر غلطی سے ڈیلیٹ ہوجائے تو گوگل ڈرائیو میں جاکر آسانی سے اس کو واپس ڈاﺅن لوڈ کیا جا سکتا ہے.
گوگل بیک اپ سروسز سے تصاویر کو واپس لانے میں ناکامی کا سامنا بھی ہوسکتا ہے کیوںکہ ایسا ممکن ہے کہ یہ تصاویر گوگل فوٹوز یا گوگل ڈرائیو سے بھی ڈیلیٹ ہوجائیں، جس سے ان کی بحالی زیادہ مشکل ہوجاتی ہے، مگر گوگل پلے اسٹور میں متعدد ایپس موجود ہیں جو اس میں مدد دے سکتی ہیں، جیسے ڈسک ڈیگر، ڈیلیٹڈ فوٹو ریکوری، فوٹو ریکوری اور سو لیب ریکور ڈیلیٹ فوٹوز اس حوالے سے زیادہ معروف ہیں، بس ان ایپس میں سے کسی ایک کو ڈاﺅن لوڈ کرکے ان میں موجود طریقہ کار کی مدد سے ڈیلیٹ فائلز کو واپس لاسکتے ہیں، بس یہ ذہن رہے کہ کچھ ریکوری ٹولز کو اس کام کےلیے ڈیوائس روٹ کرنے کی ضرورت ہوسکتی ہے، اگر پہلے ایسا کرچکے ہیں پھر تو کوئی مسئلہ نہیں، تاہم اگر نہیں تو روٹنگ سے بھی ڈیٹا سے محروم ہوسکتے ہیں۔
میموری کارڈ سے ڈیلیٹ ہوجانے والی تصویر کو واپس لانے کےلیے بہترین ایپ Recuva ہے جو ونڈوز 10 پر مفت دستیاب ہے۔ اسے ڈاﺅن لوڈ کرکے اوپن کریں اور اپنے کارڈ کو کمپیوٹر سے منسلک کرکے سامنے آنے والی ہدایات پر عمل کریں۔ تاہم یہ خیال رہے کہ یہ ٹول اسی وقت کام کرسکتا ہے جب تک تصاویر ڈیلیٹ ہونے کے بعد کارڈ پر دیگر ڈیٹا اوور رائٹ نہ کیا گیا ہو، یعنی فوٹو ڈیلیٹ ہوتے ہی میموری کارڈ کو نکال دینا زیادہ بہتر حکمت عملی ہے۔ لہذا اب موبائل یا کمپیوٹر سے تصاویر ڈیلیٹ ہونے پر پریشان نہ ہوں بلکہ منساب حکمت عملی اپناتے ہوئے اپنی تصاویر کا دوباہ حصول ممکن بنائیں.
