لاک ڈاؤن کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو کرونا متاثرین نہ بڑھتے

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قوم کو ٹیسٹنگ ڈیٹا کےبارے میں بتایا جائے، لاک ڈاوَن کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں اضافہ نہ ہوتا۔
شہباز شریف نے ملک میں کورونا سے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافے پر اظہار افسوس کے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ نہ ہوتا، پھر کہتا ہوں کہ مزید وقت ضائع نہ کریں اور ہمہ جہت جامع قومی حکمت عملی بنائیں۔مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلاکرحالات کا جائزہ لیا جائے اور تازہ ترین حالات کو دیکھتے ہوئے ازسرنو حکمت عملی کا تعین کیا جائے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پچھتانے، ہاتھ ملنے اور تقدیر کا لکھا کہنا کوئی پالیسی نہیں، قوم کو بتایا جائے کہ اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت کی اس کے پھیلاؤ کو روکنے کی حکمت عملی کیا ہے؟
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ بہترین تدابیر سے نقصانات کم کئے جاسکتے ہیں، وقت تیزی سے گزر رہا ہے، حالات کے مطابق متعلقہ پہلوؤں پر توجہ دی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے،عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرے ورنہ خدانخواستہ حالات ہاتھ سے نکلے جارہے ہیں.
دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ذاتی کیمرہ مین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
شہبازشریف کے ذاتی کیمرہ مین محمد بدر نے لیگی صدر کے ساتھ عیدالفطر کی نماز ادا کی تھی۔محمد بدر نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو گھر میں آئسولیٹ کرلیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button