لندن،سیریل کلر نرس پر 7 نومولود بچوں کو قتل کرنے کا جرم ثابت

برطانوی تاریخ میں بچوں کی بدترین سیریل کلر نرس لوسی لیٹبی پر 7 نومولود بچوں کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہو گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مشرقی برطانیہ کے کاؤنٹیز آف چیسٹر اسپتال میں بچوں کے وارڈ میں کام کرنے والی نرس لوسی لیٹبی پر7 نوزائیدہ بچوں کو انسولین کے ذریعے زہر دے کر قتل کرنے جبکہ مزید 10 بچوں کو جان سے مارنے کی کوشش کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔زیر سماعت مقدمے کے دوران پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا تھا کہ 2015-2016 کے عرصے میں کاؤنٹیز آف چیسٹر اسپتال میں ملازمت کرنے والی 33 سالہ نرس لوسی لیٹبی نے 5 نوزائیدہ لڑکوں اور 2 نو زائیدہ لڑکیوں کو مبینہ طور پر قتل کیا۔
انہوں نے عدالت کو بتایا تھا کہ جب ڈاکٹرز کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے تو انہوں نے پولیس کو بلایا اور بتایا کہ نوزائیدہ بچوں کے وارڈ میں کوئی ہے جو بچوں کو انسولین کے ذریعے زہر دیکر قتل کر رہا ہے اور دو بچوں کو پیدائش کے دو روز بعد زہر دے کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، دونوں بچوں کا بلڈ شگر لیول انتہائی خطرناک حد تک گر گیا تھا جنہیں بعد میں طبی امداد دے کر بچا لیا گیا تھا۔
پراسیکیوٹر کا ماننا تھا کہ 17 بچوں کی حالت بگڑنے یا ان کے قتل میں براہ راست نرس لوسی ملوث ہیں،کیوں کہ ان تمام وارداتوں کے وقت وہ اسپتال میں موجود تھی۔
تاہم اب نرس لوسی لیٹبی پر7 نومولود بچوں کو قتل کرنے اور 6 مزید بچوں کے اقدامِ قتل کا جرم ثابت ہوگیا ہے۔
