لوگوں کے بال سفید کیوں ہوتے ہیں؟ جواب جان لیں

عمر بڑھنے کے ساتھ بال سفید ہونا غیرمعمولی نہیں ہوتا۔جوانی میں بال جس رنگ کے بھی ہوں مگر عمر بڑھنےکے ساتھ وہ سفید ہونے لگتے ہیں، کیونکہ وقت کے ساتھ بالوں کی جڑوں میں رنگت کو برقرار رکھنے والے خلیات کے افعال متاثر ہوتے ہیں۔بالوں میں سفیدی عمر بڑھنے کی نشانی سمجھی جاسکتی ہے مگر ایسا کسی بھی عمر میں ہوسکتا ہے۔
ویسے تو سائنسدان اب تک اس قدرتی عمل کے میکنزم کو مکمل طور پر سمجھ نہیں سکے، مگر حالیہ برسوں میں اس حوالے سے چند تحقیقی رپورٹس ضرور سامنے آئی ہیں، جن سے کسی حد تک معلوم ہوتا ہے کہ جوانی یا درمیانی عمر میں لوگوں کے بال سفید کیوں ہو جاتے ہیں۔
2018 میں الاباما یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ بالوں کے سفید ہونے کا عمل پیدائشی مدافعتی نظام کے متحرک ہونے کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔جرنل PLOS Biology میں شائع تحقیق کے مطابق مدافعتی نظام کے بہت زیادہ متحرک ہونے سے بالوں کی رنگت برقرار رکھنے والے خلیات melanocytes پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اس سے عندیہ ملتا ہے کہ کسی وائرل انفیکشن سے متاثر ہونے اور بالوں کی سفیدی کے درمیان تعلق موجود ہے۔
