ماہرہ خان پہلی بار اپنا ’’بچپن‘‘ مداحوں کے سامنے لے آئیں

معروف اداکارہ ماہرہ خان نے پہلی بار مداحوں کے ساتھ اپنے بچپن اور لڑکپن کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے پرانی یادوں کو خوب تازہ کیا۔اداکارہ ماہرہ خان اپنے مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے رابطے میں رہتی ہیں جہاں وہ آئے روز اپنی تصاویر یا کام سے متعلق فینز کو آگاہ کرتی ہیں۔
ماہرہ خان نے اب سماجی رابطے کی سائٹ انسٹا گرام سٹوریز پر پرانی فوٹو البم میں محفوظ کی گئی اپنی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ اپنی دوستوں اور رشتے داروں کے ساتھ موجود ہیں۔
اداکارہ کی یہ تصاویر دیکھ کر مداح نہ صرف حیران ہوئے بلکہ وہ ان دیکھی تصاویر دیکھ کر خوش بھی ہوئے، کچھ مداحوں نے ماہرہ خان نے مزید پرانی تصاویر شیئر کرنے کی فرمائش بھی کی جبکہ کچھ نے ان پر دلچسپ تبصرے بھی کیے، سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ماہرہ خان کی تصاویر کو بہترین اور پسندیدہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اداکارہ کی ریلیز ہونے والی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریکارڈ بزنس کیا ہے، فلم میں ماہرہ خان کے ساتھ اداکارہ فواد خان اور حمزہ عباسی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، فواد خان اور حمزہ عباسی نے فلم میں روایتی مولاجٹ اور نوری نتھ کا کردار ادا کیے ہیں۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان ایشیا کی سب سے زیادہ پرکشش خواتین کی ٹاپ 10 فہرست میں بھی شامل ہیں، معروف برطانوی شوبز اخبار نے ایشیا کی 50 سب سے زیادہ پر کشش خواتین کی فہرست جاری کی جس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا ایشیا کی سب سے زیادہ پرکشش خاتون قرار پائیں جبکہ دوسرا نمبر بھارتی ٹی وی اداکارہ ثانیا ارانی اور تیسرا پر اداکارہ دھرشتی دھمی کا تھا۔
بالی ووڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون چوتھے ، باربی ڈول کترینہ کیف پانچویں نمبر پر براجمان رہیں جبکہ پاکستانی ڈراموں کے بعد بالی ووڈ میں کنگ شاہ رخ خان کی فلم سے اپنا کیرئیر شروع کرنے والی اداکارہ ماہر ہ خان نے کئی نامور اداکاراؤں مادھوری ڈکشٹ، عالیہ بھٹ، پرینیتی چوپڑا، بپاشاباسو اور شردھا کپور کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فہرست میں 10 ویں نمبر پر اپنی جگہ بنائی ہے۔
