ماہرہ خان کی ‘پرنس چارمنگ’ کس فلم کا چربہ ہے؟

معروف اداکارہ ماہرہ خان ایک مرتبہ پھر تنازعے کا شکار ہو گئی ہیں اور اس مرتبہ وجہ انکی مختصر دورانیے کی فلم ’’پرنس چارمنگ‘‘ ہے جس کا ٹیزر سامنے آنے پر اسے ایک غیر ملکی فلم کا چربہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو عام آدمی ہونے کے باوجود بادشاہ بننے کے خواب دیکھتا ہے۔

’’پرنس چارمنگ‘‘ کے ٹیزر کو دیکھنے کے بعد شائقین نے اس کی موسیقی اور عکس بندی کے انداز کو ہانگ کانگ کی فلم ’’ان دی موڈ فار لو ‘‘کی کاپی قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ نہ صرف ’پرنس چارمنگ‘ کی عکس بندی کا انداز کاپی کیا گیا ہے بلکہ اس کی موسیقی کو بھی غیر ملکی فلم سے چرایا گیا ہے۔ شہریار منور کی ہدایت کردہ فلم پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس کے مناظر کے دوران پس پردہ چلنے والی موسیقی کو سال 2000 میں ریلیز ہونے والی ہانگ کانگ کی فلم ’ان دی موڈ فار لو‘ سے لیا گیا ہے ۔

ساتھ ہی ماہرہ خان اور زاہد احمد کی فلم پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ اس کی عکس بندی کے انداز اور پوسٹرز کو بھی مذکورہ ہانگ کانگ کی فلم کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ اگرچہ ’پرنس چارمنگ‘ اور ’ان دی موڈ فار لو‘ کے ٹریلرز کو دیکھ کر دونوں کی موسیقی کا موازنہ کیا جائے تو دونوں میں ایک جیسا میوزک سنائی دیتا ہے جبکہ بعض مقامات پر دونوں موویز کی عکس بندی کا انداز بھی ملتا جلتا ہے، تاحال اس تنقید پر ابھی تک فلم کی ٹیم نے کوئی جواب نہیں دیا ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد پاکستانی فلموں اور گانوں پر غیر ملکی فلموں اور گانوں کی موسیقی اور انداز کو کاپی کرنے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ دوسری جانب ماہرہ خان کے نئے ڈرامہ سیریل ’’ہم کہاں کے سچے تھے ‘‘ میں ان کا کزن سے رومانس بھی سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ اس ڈرامے کی اگرچہ زیادہ اقساط نشر نہیں ہوئیں لیکن کہانی، کرداروں اور مناظر کی وجہ سے ڈرامے نے شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک مداح نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل چوتھے ڈرامے میں اداکارہ کو کزن سے رومانس کرتے دکھایا گیا ہے اور موجودہ ڈرامے میں بھی رومانس کی شدت زیادہ ہے جس پر اس ڈرامے کا نام ’’ہم پھوپھو کے بیٹے تھے‘‘ ہونا چاہئے تھا۔ مداح کے کمنٹ اور تجویز پر اگرچہ اداکارہ اور دوسرے لوگوں نے ناراضی کا اظہار نہیں کیا لیکن بعض افراد نے ایسا مشورہ دینے والے کو ماہرہ خان کی جان چھوڑنے کی اپیل کی۔

یاد رہے کہ ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں ماہرہ خان کو عثمان مختار کے کردار ’اسود‘ سے رومانس کرتے دکھایا گیا ہے ماضی میں ’صدقے تمہارے، بن روئے اور ہمسفر‘ میں بھی انہیں کزنز سے پیار میں دکھایا گیا تھا۔

Back to top button