مدیحہ نقوی نے فیصل سبزواری سے دوسری شادی کیوں کی؟

ایم کیو ایم پاکستان کے حال ہی میں منتخب ہونے والے سینیٹر فیصل سبزواری کے بارے سوشل میڈیا پر یہ سوال مسلسل پوچھا جا رہا تھا کہ آخر معروف ٹی وی اینکر مدیحہ نقوی کو سبزواری میں ایسا کیا نظر آیا کہ ان سے دوسری شادی رچا لی؟
اب مدیحہ نقوی نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کو پہلی ہی نظر میں فیصل سبزواری سے محبت ہو گئی تھی جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ دوسری شادی اس شخص کے علاوہ اور کسی سے نہیں کریں گی۔
دوسری جانب فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مدیحہ سے شادی اس لیے کی کہ وہ انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے وابستہ ہیں۔ ایک مشترکہ ٹی وی انٹرویو میں مدیحہ نے شادی کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ فیصل دوسرے سیاستدانوں سے بالکل مختلف ہیں، وہ جیسے ظاہری ہیں، ویسے ہی اندر سے بھی ہیں اور اسی لیے میں نے ان کو جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ معروف ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سینیٹر فیصل سبزواری نے جولائی 2019 میں خاموشی سے شادی کی تھی۔ انٹرویو میں مدیحہ نقوی اور فیصل سبزواری نے اپنی شادی اور ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح وہ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے۔ دونوں نے سیاست اور میڈیا انڈسٹری سمیت ملکی مسائل پر بھی بات کی اور متعدد سیاستدانوں اور ٹی وی شخصیات کو مشورے بھی دیے۔ فیصل سبزواری نے انکشاف کیا کہ مدیحہ نقوی سے ان کی پہلی باضابطہ ملاقات ایک مارننگ شو میں ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے درمیان قربتیں بڑھیں۔ سبزواری کا کہنا تھا کہ اس شو سے قبل انہوں نے مدیحہ کو صرف ٹی وی پر دیکھا تھا اور انہیں یہ معلوم تھا کہ وہ بہت پڑھی لکھی لڑکی ہیں۔
فلمسٹار ریما کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری اور مدیحہ نقوی نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے والدین کو منایا اور کیسے یہ شادی پایہ تکمیل کو پہنچی۔ مدیحہ نقوی نے بتایا کہ ان کو لگتا تھا کہ ان کے والد کو منانا کوئی مشکل کام نہیں تھا کیونکہ وہ پہلے بھی اپنے والد سے کچھ نہیں چھپاتی تھیں۔ جب بھی ان کے والد کا فون آتا تو وہ سچ بتاتی تھیں کہ وہ کہاں ہیں اور کس کے ساتھ ہیں۔ مگر والدہ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ماں سےبہت ڈرتی ہیں اور اپنی مرضی سے شادی کی بات کرنے کی ہمت نہیں رکھتی تھیں۔ مدیحہ نقوی نے بتایا کہ فیصل سبزواری شادی کی بات کرنے بذات خود ان کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ کو شادی کیلئے رضا مند کیا۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ وہ کراچی سے لاہور بذریعہ ایئرلائن لاہور پہنچے جہاں مدیحہ نقوی کے اہل خانہ سے ملاقات کرنا تھی،ان کا کہنا تھا کہ ان کو مدیحہ کے اہل خانہ کو منانے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی کیونکہ ان کو بولنے میں کمالمہارت حاصل ہے۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ جب مدیحہ کے والدین اور اہل خانہ سے بات ہوئی تو میں نے ان سے کوئی جھوٹی بات نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ لاہور سے واپس کراچی پہنچے تو مدیحہ نے رونا شروع کر دیا کیونکہ ان کو شادی کا معاملہ کھٹائی میں پڑتا ہوالگ رہا تھا مگر پھر تسلی دینے پر حالات ٹھیک ہوئے۔
کسی ٹی وی شخصیت یا صحافی سے شادی کرنے کی بجائے سیاستدان سے شادی کرنے کے سوال پر مدیحہ نقوی نے بتایا کہ انہوں نے پہلی ہی طے کرلیا تھا کہ وہ کسی اداکار یا اینکر سے شادی نہیں کریں گی کیوں کہ انہیں اپنی فیلڈ کی ہر خامی کا علم تھا اور پھر ایسی فیلڈ میں جاب سکیورٹی بھی نہیں ہوتی۔ مدیحہ کا کہنا تھا کہ ان کی فیصل سے اچھی دوستی ہوگئی تھی اور اس دوران ہی انہیں ان کی شخصیت سے متعلق مزید علم ہوا کہ وہ دوسرے سیاستدانوں سے مختلف ہیں، اور وہ جیسے ظاہری ہیں، ویسے ہی اندر سے ہیں۔ مدیحہ نے بتایا کہ انہوں نے پہلے ہی سوچا تھا کہ وہ کسی ایسے شخص سے شادی کریں گی جو ان پر اعتبار کرتے ہیں اور انہیں سنبھال سکتے ہیں۔
ٹی وی میزبان سے ہی شادی کیوں کی کے جواب میں فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ مدیحہ نقوی سے شادی کرنے کی تین وجوہات ہیں۔ فیصل نے تین وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مدیحہ سے شادی کرنے کی وجوہات ’انٹرٹینمنٹ، انٹرٹینمنٹ اور انٹرٹینمنٹ‘ تھیں۔
یاد رہے کہ فیصل سبزواری 1975 کو کراچی میں پیدا ہوئے، زمانہ طالب علمی میں انہوں نے ایم کیو ایم کی طلبہ تنظیم APMSO سے وابستگی اختیار کرلی تھی۔ فیصل سبزواری ایم کیو ایم کے مرکزی شعبہ اطلاعات سے بھی وابستہ رہے اور بعد ازاں APMSO کی مرکزی کمیٹی کا کئی برس حصہ رہنے کے بعد اس کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ فیصل سبزواری 2002 میں ایم کیو ایم کے سب سے کم عمر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، بعد ازاں 2008 اور 2013 میں بھی رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔ اس دوران وہ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور 2 مواقع پر وزیر برائے امور نوجوانان بھی رہے۔ فیصل سبزواری اس وقت ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن ہیں اور پہلی بار سینیٹر منتجب ہویے ہیں۔
