مستونگ میں دھماکہ سے3 افراد جاں بحق ،5 زخمی

صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

دشت کی اسسٹنٹ کمشنر فریدہ ترین نے کہا کہ دشت کے علاقے کابو میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، دھماکے کی زد میں گزشتہ رات قتل ہونے والے شخص کی میت اٹھانے والے افراد آئے۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہناتھا ٹیوب ویل پر کام کرنے والے شخص کو گزشتہ رات قتل کرکے لاش ویرانے میں پھینکی گئی تھی، جس کے بعد مقتول کے ورثا اور رشتہ دار اطلاع ملنے پر لاش اٹھانے کابو گئے تھے، لاش اٹھا کر جانے والے افراد بارودی سرنگ سے ٹکرائے، علاقے میں مائنز کی موجودگی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد اور لاشوں کو کوئٹہ کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان نے واقعے پر اظہار مذمت اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔مشیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر مستونگ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی ایما پر بننے والے دہشت گردی کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیں گے۔

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ بلوچستان میں اس طرح کا بم دھماکا ہوا ہو۔اس سے قبل، 10 اگست کو صوبہ بلوچستان کے شہر خضدار میں قومی پرچم فروخت کرنے والے اسٹال پر دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔خضدار کے آزادی چوک پر یوم آزادی کی مناسبت سے لگائے گئے اسٹال پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا تھا جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ 15 مارچ کو بلوچستان کے علاقے سبی میں سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی بم دھماکے میں ایف سی کے چار اہلکار شہید اور 8 زخمی ہو گئے تھے،مقامی انتظامیہ کے مطابق دھماکا سبی کے علاقے سانگان میں ہوا تھا جس میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید اور 8 اہلکار زخمی ہوئے تھے اوراسسٹنٹ کمشنر سبی ثنا ماہ جبین نے دھماکے کی تصدیق کی تھی۔

Back to top button