پنجاب اور خیبرپختونخوا شدید گرمی کی لپیٹ میں، بارش اور گرد آلود ہواؤں کا امکان

لاہور سمیت پنجاب اور پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں گرد آلود تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق ملک بھر میں جاری گرمی کی شدید لہر انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج گرد آلود ہواؤں کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان موجود ہے، جس سے وقتی طور پر گرمی کی شدت میں کمی آ سکتی ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے عید کی تعطیلات کے دوران ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر پہلے ہی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے، جس میں شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کیا جائے، سر کو ڈھانپ کر رکھا جائے اور دھوپ میں زیادہ دیر تک رہنے سے گریز کیا جائے تاکہ ہیٹ اسٹروک اور جسم میں پانی کی کمی جیسے مسائل سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلود ہواؤں اور ہلکی بارش کا موجودہ سسٹم آج پاکستان سے نکل جائے گا، جس کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں دوبارہ خشک اور شدید گرم موسم کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب پشاور اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی گرم اور خشک موسم برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ جنوبی اضلاع میں گرمی کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث حالیہ برسوں میں ہیٹ ویوز کی شدت اور دورانیے میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ حکام نے شہریوں کو دن کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
