ملک بھر میں چینی اچانک 30 روپے مہنگی ہوگئی

یوٹیلٹی سٹورز پر چینی نایاب ہونے کے بعد اس کی فی کلو قیمت میں اچانک سے 30 روپے اضافہ ہو گیا ہے، جس کے بعد چینی 150 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ یوٹٰیلٹی سٹورز پر چینی 91 روپے فی کلو فروخت ہو رہی تھی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی بعض دکانوں پر چینی دستیاب نہیں، دکانداروں کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر اور انتظامیہ چھاپے مار رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ چینی 130 روپے فی کلو فروخت کریں تاہم ہمیں راجہ بازار سے چینی 140 روپے فی کلو خریدنی پڑ رہی ہے۔
چینی کی قیمت میں اچانک اضافے پر وی نیوز نے شوگر ملز مالکان، شوگر ڈیلرز اور دکانداروں سے گفتگو کی اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ چینی کے ریٹ میں اچانک اضافہ کیوں ہوا اور چینی غائب کیوں ہو گئی ہے۔
شوگر مل منیجر نے وی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ رواں سال چینی کا ریٹ کم ہونے کے باعث شوگر ملز نے زیادہ مقدار میں چینی تیار ہی نہیں کی جبکہ تیار شدہ چینی فروخت ہو چکی ہے، شوگر ملز کا چینی کی قیمت میں اچانک اضافے سے کوئی تعلق نہیں، نئے گنے کی کرشنگ کا آغاز نومبر کے وسط تک ہوگا جس سے پہلے چینی کی قیمتوں میں کمی کی کوئی اُمید نہیں۔
راولپنڈی کی سب سے بڑی مارکیٹ راجہ بازار میں چینی کا کاروبار کرنے والے ڈیلر عاقب راجہ کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمت میں اچانک اضافے کی بڑی وجہ یہ ہے چینی بلوچستان، ایران سے ہوتے ہوئے افغانستان اسمگل ہونی شروع ہو گئی ہے جبکہ شوگر ملز نے بھی اپنے ایکس مل ریٹ بڑھا دیئے ہیں، ایکس مل ریٹ 110 روپے سے بڑھ کر 138 روپے سے 140 روپے فی کلو ہو گیا ہے، اسی وجہ سے چینی کا 50 کلو کا تھیلا 6 ہزار سے بڑھ کر 6 ہزار 800 ہو گیا ہے۔
عاقب راجہ نے کہا کہ حکومت کی ملی بھگت سے چینی افغانستان اسمگل ہو رہی ہے اور اگر اسے نہ روکا گیا تو چینی کی قیمت کنٹرول سے باہر ہو جائے گی۔جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے دکانداروں نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکاندار مہنگی چینی خرید کر سستی نہیں فروخت کر سکتا، ہم لوگ جس ریٹ پر چینی خرید رہے ہیں، اس میں معمولی سا منافع رکھ کر فروخت کر رہے ہیں اور اسے 150 روپے فی کلو کے حساب سے بیچنا بھی مشکل ہوتا جا رہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے ایک دکاندار کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر دکان پر آ کر چھاپے مارتے ہیں اور چینی کے نرخ معلوم کرتے ہیں، اب 140 روپے کلو چینی خرید کر 120 روپے کلو فروخت نہیں کی جا سکتی، اس لیے ہم نے چینی فروخت کرنا ہی چھوڑ دیا ہے۔

Back to top button