نیلی آنکھوں والے ’’ارشد چائے والا‘‘ نے لندن میں کیفے کھول لیا

2016 کے دوران اپنی نیلی آنکھوں اور خوبصورتی سے سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے ارشد چائے والا نے مداحوں کو ایک اور سرپرائز دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے لندن میں اپنا کیفے کھول لیا ہے۔
2016 میں اپنی خوب صورت لُک کے باعث انسٹاگرام پر وائرل ہونے والے ارشد خان نے ایسٹ لندن کے علاقے اِلفورڈ لین میں اپنا نیا کیفے کھولا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایسٹ لندن کے اِس علاقے میں انڈیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے تارکین وطن افراد کی تعداد زیادہ ہے، اس کیفے میں جنوبی ایشیا کے روایتی اور تقافتی عناصر ہیں جس میں ٹرک آرٹ سے لے کر ہاتھ سے سجایا گیا ویسپا بھی شامل ہے۔
کیفے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ارشد خان ’چائے والا‘ کہتے ہیں کہ ’میرا لندن جانے کا ارادہ بن رہا ہے اور میں وہاں جا کر اپنے مداحوں کے لیے چائے بنانا بہت پسند کروں گا۔ ہماری چائے کی پہلی دکان اِلفورڈ لین پر کھل چکی ہے وہاں سے ردِعمل ابھی سے بڑا مل رہا ہے۔
چائے والا کیفے کو باقاعدہ ڈیزائن کر کے بنایا گیا ہے جس کا مقصد جنوبی ایشیا کی ثقافت کو اُجاگر کرنا ہے اور وہاں پر موجود دیسی تارکین وطن کو اصلی چائے کیفے سے دوبارہ ملانا ہے۔
انسٹاگرام سے شہرت ملنے کے بعد ارشد خان کو ملک بھر کے ٹی وی چینلز پر بھی خوب شہرت ملی تھی، انہوں نے اشتہارات میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ اداکاری اور ماڈلنگ بھی کی جبکہ مختلف ٹی وی پروگراموں میں انٹرویو میں بھی دیئے تھے۔
اپنی شہرت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں 2020 میں ’کیفے چائے والا رُوف ٹاپ‘ کے نام اپنا ریستوران بھی کھولا۔
اُردو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے مشہور نام ’چائے والا‘ کی اُن کے دل میں خاص جگہ ہے۔ یہ اُن کی شناخت کا اہم حصہ ہے۔
